News Details

31/10/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اتوار کے روز صوبائی دارلحکومت پشاور کے مختلف علاقوں کا بغیر کسی سکیورٹی پروٹوکول اچانک دورہ کیا جہاں انھوں نے صفائی ستھرائی اور ٹریفک کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اتوار کے روز صوبائی دارلحکومت پشاور کے مختلف علاقوں کا بغیر کسی سکیورٹی پروٹوکول اچانک دورہ کیا جہاں انھوں نے صفائی ستھرائی اور ٹریفک کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے نجی گاڑی میں رنگ روڈ، یونیورسٹی روڈ، حیات آباداور پشاور شہر کا دورہ کیا اور ان علاقوں میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہا ر کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کوصفائی کی صورتحال ایک ہفتے کے اندر اندربہتر بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی دارلخلافہ کی خوبصورتی اور صفائی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں بروقت پوری کریں بصورت دیگر کوتاہی کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان علاقوں میں بے ہنگم ٹریفک اور ٹریفک اہلکاروں کی کمی پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو درکار ٹریفک اہلکاروں کی تعیناتی اور ٹریفک کو منظم انداز میں چلانے کیلئے جامع پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ پشاور سمیت صوبہ بھر میں ٹریفک کے نظام کو کم سے کم وقت میں بہتر بنایا جائے تاکہ غیر ضروری رش سے بچا جائے اور وقت کے ضیاع کو روکا جائے۔