News Details

21/10/2022

خیبرپختونخوا حکومت کی کوششوں سے سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی ( سی ڈی ڈبلیو پی) نے مانسہرہ شہر کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے گریوٹی فلو واٹر سپلائی اسکیم کی منظوری دے دی ہے

خیبرپختونخوا حکومت کی کوششوں سے سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی ( سی ڈی ڈبلیو پی) نے مانسہرہ شہر کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے گریوٹی فلو واٹر سپلائی اسکیم کی منظوری دے دی ہے۔ یہ میگا منصوبہ 18.5 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جس سے مانسہرہ شہر کی تقریباً دو لاکھ آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے مانسہرہ کے عوام کو منصوبے کی منظوری پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے مانسہرہ سٹی کے عوام کا یہ دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے مانسہرہ شہرہ میں پینے کے پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبہ بھر میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، صوبے کے مختلف اضلاع میں پینے کے پانی کے منصوبے جاری ہیں جن پر صوبائی حکومت خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، رواں صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شعبہ آبنوشی کے 125 منصوبے شامل کیے گئے ہیں جن میں 95 جاری اور 30 نئے منصوبے ہیں۔ ان منصوبوں کا مجموعی تخمینہ لاگت 12 ارب روپے سے زائد ہے۔