News Details

21/10/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کی ترغیب اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ایز آف ڈوونگ بزنس کے فیز ٹو پر عمل درآمد کے لیے مجوزہ ماڈل بمعہ ایکشن پلان کی منظوری دی ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کی ترغیب اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ایز آف ڈوونگ بزنس کے فیز ٹو پر عمل درآمد کے لیے مجوزہ ماڈل بمعہ ایکشن پلان کی منظوری دی ہے اور ہدایت کی ہے کہ منصوبے کے فیز ٹو کا باضابطہ اجراءیقینی بنانے کے لئے تمام مراحل بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل مقصد صوبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مجموعی عمل کو وقت کی ضرورت کے مطابق اسٹریم لائن کرنا اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ جمعرات کے روز خیبرپختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے دسویں بورڈ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایز آف ڈوونگ بزنس منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں تاہم سرمایہ کاروں کی توقعات اور وقت کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کے فیز ٹو کا اجراءبڑی اہمیت کا حامل ہے جس کے لیے تمام تر اقدامات تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں۔انہوں نے سیاحت،زراعت، توانائی اور معدنیات کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ نوڈز کی استعداد کار میں اضافہ کرنے جبکہ متعلقہ محکموں کے درمیان مو ¿ثر کوارڈینیشن کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ مزید برآں انہوں نے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اصلاحاتی اقدامات کی مو ¿ثر مارکیٹنگ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومت نے صنعتکاروں کی سہولت کے لیے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں جن کو اچھے طریقے سے مارکیٹ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ صنعتکار صوبائی حکومت کی فراہم کردہ سہولیات اور مراعات سے استفادہ کر سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کے لیے مجوزہ سیمینارز اور روڈ شوز کے انعقاد کی بھی اصولی منظوری دی ہے۔ قبل ازیں اجلاس کو سابقہ بورڈ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دوبئی ایکسپو 2020 کے دوران کئے گئے مفاہمتی یادداشتوں پر مزید پیشرفت یقینی بنانے کیلئے انویسٹمنٹ کمیٹی اور انویسٹمنٹ کمیشن تشکیل دے دئیے گئے ہیں۔ دبئی ایکسپو میں مختلف کمپنیوں کے ساتھ 44 ایم او یوز پر دستخط کئے گئے تھے جن میں سے پانچ ایم او یوزکے لیٹر آف انٹنٹ پر دستخط بھی ہو چکے ہیں جبکہ جن ایم او یوز پر ایل او آئی کی ضرورت نہیں ان پر پیشرفت جاری ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ڈی آئی خان میں پریمیئر سیمنٹ لمیٹڈ اور فاطمہ سیمنٹ لمیٹڈ کے قیام کے منصوبوں کی وفاقی بورڈ آف اپروول کے آئندہ اجلاس میں منظوری لی جائے گی۔ ان منصوبوں کے ذریعے مجموعی طور پر 485 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ علاوہ ازیں رشکئی اسپیشل اکنامک زون میں چھ مختلف انٹر پرائزز کیلئے 20.8 ایکڑ مجموعی رقبے پر مشتمل پلاٹس جبکہ حطار اسپیشل اکنامک زون میں دو مختلف انٹرپرائزز کیلئے تین ایکڑ رقبے پر مشتمل پلاٹس فراہم کئے جارہے ہیں جن سے تقریباً چار ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ اسی طرح بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی کاوشوں سے حطار میں کوکاکولا کمپنی مکمل طور پر فعال ہو چکی ہے۔ علاوہ ازیں 3150 ایکڑ رقبے پر مشتمل درابن اکنامک زون کو اسپیشل اکنامک زون کا درجہ دینے کیلئے پروپوزل متعلقہ فورم کو بھیج دی گئی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے موجود مواقع سے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے مختلف شہروں میں سیمینارز اور روڈ شو کا انعقاد کرنے جارہا ہے۔ مجوزہ سیمینارز اور روڈ شوز میں خیبرپختونخوا انویسٹمنٹ سیمینار سیالکوٹ اور کراچی ، انویسٹمنٹ کانفرنس تاجکستان اور انویسٹمنٹ کانفرنس پشاورشامل ہیں۔ علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹووارزم اتھارٹی کے تعاون سے شعبہ سیاحت سے متعلق لاہور ، کراچی، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں چار روڈ شو منعقد کئے جائیں گے۔