News Details

13/10/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ نااہل سیاسی ٹولے کی تمام تر سازشوں کے باوجود پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت بڑھتی جارہی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ نااہل سیاسی ٹولے کی تمام تر سازشوں کے باوجود پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت بڑھتی جارہی ہے ، امپورٹڈ حکمران عوام میں اپنا اعتماد کھوچکے ہیں اور اپنی سیاسی ساکھ بچانے کےلئے تمام تر حربے استعمال کر چکے ہیں، اب عوام کے سامنے جانے کیلئے ان کے پاس کوئی جواز باقی نہیں رہا۔یہ لوگ اپنے ذاتی مفادات کےلئے سیلاب اور دیگر قومی مسائل پر بھی سیاست کررہے ہیں تاہم عوام ان کی حقیقت بخوبی جان گئے ہیں اور ان کے مکروہ ارادوں سے واقف ہےں۔ پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت اور باشعور عوام کے تعاون سے ملک و قوم کی حقیقی آزادی کےلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ کہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ مرکز میں بھی دوبارہ حکومت بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں دیر اور بنوں سے دو مختلف شمولیتی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بنوں سے صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر کی قیادت میں آزاد حیثیت میں منتخب ویلج کونسل چیئرمین نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور پی ٹی آئی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔ اسی طرح ضلع دیر سے سابق رکن قومی اسمبلی بشیر خان کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے سابقہ امیدوار اقبال خان اور جماعت اسلامی کے رحیم گل خان سمیت دیگر کارکنوں نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی کی کیپ اور مفلر پہنا کر نئے آنے والوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مفادپرست سیاسی جماعتوں کے کارکن بھی ان سے نالا ںہےں اور پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی صحیح معنوں میں عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے جو عمران خان کی قیادت میں ملک و قو م کی حقیقی آزادی کیلئے کوشاں ہے اور اب عوام بھی اس حقیقت سے بخوبی واقف ہو چکے ہیں کہ جب تک ملکی سیاست سے بدعنوانی اورمفاد پرستی کا خاتمہ نہیں ہو جاتا تب تک ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار نہیں ہو سکتی۔ اب قوم کو فیصلہ کرنا ہوگا اور امپورٹڈ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے عمران خان کی حقیقی آزادی کی تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار دلجمعی سے ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر خیبرپختونخوا میں جاری ترقیاتی حکمت عملی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وفاق کی طرف سے کمٹمنٹ کے مطابق فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے صوبائی حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا ہے مگر اس کے باوجود صوبے میں جاری عوامی فلاح کے منصوبوں پر پیشرفت میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی ترجیحات کے مطابق عوامی فلاح کے جاری منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کےلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ہمار ااصل ہدف عوام کو خدمات اور سہولیات کی فراہمی ہے اور اس مقصد کیلئے مختلف اضلاع میں متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے عوام کی سہولت کیلئے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے ذریعے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کو یقینی بنایااور اضلاع کی سطح پر سماجی خدمات کے اداروں کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جن کے نتائج ہر سطح پر دیکھے جا سکتے ہیں۔