News Details
03/10/2022
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی حقیقی آزادی کی تحریک عروج کی بلندیوں کو چھو رہی ہے جس سے امپورٹڈ حکمران خوفزدہ ہو کر سیاسی انتقام پر اتر آئے ہیں
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی حقیقی آزادی کی تحریک عروج کی بلندیوں کو چھو رہی ہے جس سے امپورٹڈ حکمران خوفزدہ ہو کر سیاسی انتقام پر اتر آئے ہیں اور اس تحریک کو دبانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں لیکن میں انہیں یہ واضح کر دوں کہ جتنی مرضی یہ انتقامی کارروائیاں کر لیں عوام بیدار ہو چکی ہے اور حقیقی آزادی کی جدو جہد میں عمران کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں محمود خان نے کہا کہ عمران خان ہماری نسلوں کو فکری اور ذہنی طور مکمل آزاد اور خودمختار بنانے اور دنیا میں پاکستان کی عزت اور وقار کو دوبارہ بحال کرنے کی جنگ لڑ رہے ہیں اور انشاءاﷲ بہت جلدعمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی حاصل کرکے رہیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ہی عوام کی امیدوں کا مرکز ہیں اور وہ ہی واحد لیڈر ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت اور اہلیت رکھتے ہیں۔ اس وقت ملک پر ایک نااہل ٹولہ مسلط کیا گیا ہے جس کا کام صرف اپنے اوپر کرپشن کے کیسز ختم کرانا اور ملکی دولت کو لوٹ کر باہر منتقل کرنا ہے۔ اس ٹولے کو غریب عوام کی کوئی فکر نہیں کیونکہ یہ عوامی لوگ ہی نہیں ہیں۔ ان کے پاس نہ تو عوام کو دینے لیے کوئی پالیسی ہے اور نہ ایجنڈا،یہ عوام کو ریلیف کے نام پر محض دھوکہ ہی دیتے ہیں۔ہمارے دور حکومت میں ترسیلات زر اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا جس سے ملکی معیشت کو استحکام ملا۔ انہوں نے کہا کہ جب عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں زیادہ تھیں تو اس وقت بھی عمران خان نے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی کم قیمت پر فراہمی کو یقینی بنایا۔ جب پوری دنیا کو عالمی وباءکے دوران مشکلات کا سامنا تھا ،لاک ڈاون نافذ تھا تو اس وقت بھی عمران خان نے اپنے غریب طبقے کو بھرپور ریلیف فراہم کیا۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے اقتدار میں آنے کے چند ہی ماہ میں ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے، غریب عوام پر مہنگائی کا بم گرا کر انکا جینا محال کر دیا ، صنعتی شعبہ زوال پذیر ہے جس سے بیروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کمرتوڑ مہنگائی کے باعث عوام کی بنیادی سہولیات تک رسائی بھی ناممکن ہو رہی ہے جبکہ مہنگائی کے اس طوفان میں روز بروز اضافہ ہور ہا ہے اور امپورٹڈ حکومت کے پاس اس مسئلے کا حل بھی نظر نہیں آرہا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم ہر محاذ پر اپنے قائد کا بھر پور ساتھ دیں گے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے اور پاکستان کی سا لمیت کے لئے ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار ہیں۔