News Details
22/09/2022
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا ضلع کرک سے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما خورشید خان خٹک کو پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع کرک سے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما خورشید خان خٹک کو پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندہ اور پسندیدہ سیاسی جماعت ہے۔اُنہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی میں سیاسی رہنماﺅں ، کارکنوں اور عوام کی شمولیت کا رجحان بڑھتا جارہا ہے جو پی ٹی آئی کی قیادت پر عوام کے غیر متزلزل اعتماد کا عکاس ہے ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما خورشید خان خٹک نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ محمود خان سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی اور پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔سابقہ ممبر قومی اسمبلی شاہد خٹک اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے خورشید خان کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دی اور کہا کہ اُن کا فیصلہ درست ثابت ہو گا۔ پی ٹی آئی ایک عوامی جماعت ہے جو ملک و قوم کی بلاامتیاز خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔ ہم اس مقصد اور وژن کے تحت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ٹی آئی عوام کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے ۔ وقت کے ساتھ ساتھ مزید سیاسی شخصیات اس قافلے میں شامل ہوں گی ۔ خورشید خان خٹک نے اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اُن کی اے این پی کے ساتھ 20 سال سے زائد کی رفاقت رہی ہے ۔اب عمران خان کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ خورشید خان خٹک 2018 کے عام انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی اسمبلی کے اُمیدوار تھے ۔ اس کے علاوہ خورشید خان خٹک اے این پی کے پارلیمانی پارٹی کے بورڈ ممبر اور صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔