News Details

21/09/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی پلاننگ سروس کے ملازمین کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے فنڈز عطیہ کرنے کے اقدام کو سراہا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی پلاننگ سروس کے ملازمین کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے فنڈز عطیہ کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے پلاننگ سروس کے افسران کا تعاون قابل ستائش ہے جنہوں نے رضاکارانہ طور پر پانچ دنوں کی تنخواہ سیلاب زدگان کے لئے وقف کی ہے۔ واضح رہے کہ منگل کے روز پلاننگ سروس کے گریڈ 17 اور اوپر کے تمام افسران کی جانب سے سیلاب زدگان کے لئے جمع کیے گئے 78 لاکھ روپے کا چیک وزیراعلیٰ محمود خان کے حوالے کیا گیا۔ صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کا تعاون قابل تعریف ہے جس سے یقینا سیلاب متاثرین کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں جن کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی اور ان کی بحالی کے لیے معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً مخیر حضرات، سماجی تنظیموں اور متعلقہ اداروں کو بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں نہایت سنجیدہ ہے، مشکل مالی حالات کے باوجود سیلاب متاثرین کیلئے امدادی پیکج میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب زدگان کی تیز رفتار بحالی حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبائی پلاننگ سروس کے افسران نے رضاکارانہ طور پر اپنی پانچ دن کی تنخواہ سیلاب زدگان کے لئے عطیہ کی ہے۔