News Details

18/09/2022

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو دلدل سے نکالنے اور معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنے کے لیے صاف و شفاف عام انتخابات کا انعقاد نا گزیر ہے

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو دلدل سے نکالنے اور معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنے کے لیے صاف و شفاف عام انتخابات کا انعقاد نا گزیر ہے،اقتدار کے چار ماہ میںہی امپورٹڈ حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے ۔جب ہماری حکومت ختم کی گئی تو ڈالر 178 روپے اور پٹرول 150 روپے لیٹر تھا لیکن ان نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے ایک ڈالر 236 روپے اور پٹرول 238 روپے لیٹر ہے۔ جب ہمیں حکومت ملی تو خسارہ 20 ارب ڈالر، ایکسپورٹ 24 ارب ڈالر اور ریمیٹنسسز 19 ارب ڈالر تھیں لیکن جب ہماری حکومت ختم ہوئی تو ہم نے خسارہ کم کر کے 16 ارب ڈالر کر دیا تھا جبکہ عدم اعتماد کے وقت ریمیٹنسسز 31 ارب ڈالر اور ایکسپورٹ 32 ارب ڈالرپر تھیں۔ نیشنل ریزرو ہم نے 9 ارب ڈالر سے بڑھا کر 16 ارب ڈالر کر دیئے تھے، 17 سال بعدہماری حکومت کے آخری دو سالوں کے دوران اکنامک گروتھ میں اضافہ ہوا تھا۔ جب ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا اور دنیا میں گرین پاسپورٹ کی عزت بڑھ رہی تھی تو ایک سازش کے تحت ہماری حکومت کا خاتمہ کر کے ایک نا اہل ٹولہ ملک پر مسلط کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز چارسدہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ کورونا کے باوجود ہم نے ملکی معیشت کو سنبھالااور ایکسپورٹ بڑھائیں جبکہ6 ہزار ارب روپے سے زائد ٹیکس اکٹھا کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے اپنے آپ کو حقیقی طور پر آزاد کرانا ہے اور کسی سپر پاور کی غلامی نہیں کریں گے،کسی کے خوف کی وجہ سے پرائی جنگ میں شریک نہیں ہونگے۔ ماضی میں پرائی جنگ میں ہم نے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ جب کال دوں گا پوری قوم نے حقیقی آزادی کے لیے نکلنا ہے۔مسلمان قوم اس وقت تک ذہنی طور پر آزاد نہیں ہو سکتی جب تو وہ سیرت نبوی پر عمل پیرا نہیں ہوتی۔موجودہ حکمرانوں نے اسلام کو بیچنے کی دکانیں کھول رکھی ہیں، مولانا فضل الرحمان کو پیسہ دو جو فتویٰ چاہئیے لکھوا لو۔ انہوں نے موجودہ وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو ایسے حکمران چاہئیں جو انکی مرضی کے فیصلے کریں،امپورٹڈ حکومت کو خود شرم نہیں آتی ، قوم کو دنیا میں شرمندہ کر رہی ہے۔ نواز شریف امریکی صدر کے سامنے خوفزدہ ہو کر بیٹھتے تھے،نااہل ٹولے نے گرین پاسپورٹ کی عزت گنوا دی ہے لیکن ہم نے اپنے ملک کی عزت و وقار کو بحال کرنا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کے دور میں دو دھرنے دیئے لیکن ہم نے انکے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا۔ امپورٹڈ حکومت نے آتے ہی اپنے اوپر کرپشن کے کیسز ختم کرائے اور نیب قوانین میں ترامیم کر کے این آر او لیا۔ نااہلوں کی وجہ سے روپے کی قدر میں 30 فیصد کمی آئی ہے جبکہ حکمرانوں کی باہر پڑی لوٹی ہوئی دولت میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کبھی اُس سیاسی جماعت کو ووٹ مت دینا جس کا سب کچھ پاکستان میں نہ ہو، کسی ایسے بندے کو وزیر نہیں بناو ¿ں گا جس کا سب کچھ پاکستان میں نہ ہو۔ عمران خان نے کہا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت 16 روپے سے بڑھا کر 36 روپے کر دی گئی۔ 21 تاریخ کوہونے والے کسانوں کے احتجاج کی بھر پور حمایت کرتا ہوں،کھاد و کیڑے مار ادویات کی قیمت میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں کسانوں نے بھرپور منافع کمایا۔ بین الاقوامی ادارے کہہ رہے ہیں کہ موجودہ حکومت سے معیشت سنبھالی نہیں جا رہی۔ سازش کے تحت ہماری حکومت کا خاتمہ کیا گیا، ملوث لوگوں کو قوم معاف نہیں کرے گی۔آٹے سمیت تمام اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو رہا ہے۔امپورٹڈ حکومت سیاسی مخالفین اور میڈیا کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے لیکن امپورٹڈ حکومت جتنی انتقامی کارروائیاں کرئے یہ میچ ہار چکی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ چارسدہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی سیلاب سے تباہی ہوئی ہے ، متاثرین کی بحالی کے لیے پھر ٹیلی تھون منعقد کریں گے بلکہ اب تک ٹیلی تھون کے ذریعے 10 ارب روپے اکٹھے کیے گئے ہیں جو سیلاب متاثرین پر خرچ کیے جائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو رہی ہے لیکن وفاقی حکومت اپنی زمہ داری پوری نہیں کر رہی خیبر پختونخوا حکومت اور پولیس امن و امان کی بحالی کے لیے اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے پوری کر رہی ہے۔