News Details

14/09/2022

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے محکمہ جنگلات کے ملازمین کی طرف سے سیلاب زدگان کے لیے فنڈز عطیہ کرنے کے اقدام کو سراہا

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے محکمہ جنگلات کے ملازمین کی طرف سے سیلاب زدگان کے لیے فنڈز عطیہ کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف متاثرین کی حوصلہ افزائی ہو گی بلکہ دیگر سرکاری اداروں اور محکموں کیلئے بھی ترغیب کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے محکمہ جنگلات کے ملازمین کا تعاون قابل ستائش ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز محکمہ جنگلات کے ملازمین کی جانب سے سیلاب زدگان کے لئے جمع کیے گئے فنڈز کا چیک حوالے کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر برائے جنگلات اشتیاق ارمڑاور سیکرٹری محکمہ جنگلات عابد مجید نے پچاس لاکھ 86 ہزار روپے کا چیک وزیراعلی محمود خان کے حوالے کیا جو چیف منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کرا دیا گیا ہے۔ چیف کنزرویٹر فارسٹ اعجاز قادر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جنگلات کے ملازمین کا تعاون قابل تعریف ہے جس سے یقیناً سیلاب متاثرین کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں جن کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی اور ان کی بحالی کے لیے معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً مخیر حضرات، سماجی تنظیموں اور متعلقہ اداروں کو بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیراعلی نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں نہایت سنجیدہ ہے، مشکل مالی حالات کے باوجود سیلاب متاثرین کیلئے امدادی پیکج میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ سیلاب زدگان کی تیز رفتار بحالی حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔قبل ازیں وزیراعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ فنڈز محکمہ جنگلات کے ملازمین نے رضاکارانہ طور پر عطیہ کیے ہیں۔بی پی ایس 17 اور اوپر کے ملازمین نے اپنی تین دن کی تنخواہ فلڈ ریلیف فنڈ کے لیے جمع کرائی ہے۔ اسی طرح بی پی ایس 16 کے ملازمین نے دو دن کی تنخواہ جبکہ بی پی ایس 15 اور نیچے کے ملازمین نے ایک دن کی تنخواہ عطیہ کی ہے۔