News Details

07/09/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے "چیف منسٹر فلڈریلیف فنڈ" کے تحت سیلاب سے تباہ گھروں کی بحالی کیلئے متاثرین کو نقد رقم دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی بحالی کو پہلی ترجیح دی جائے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے "چیف منسٹر فلڈریلیف فنڈ" کے تحت سیلاب سے تباہ گھروں کی بحالی کیلئے متاثرین کو نقد رقم دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی بحالی کو پہلی ترجیح دی جائے تاکہ بے گھر لوگوں کو رہنے کیلئے چھت کی سہولت مہیا کی جاسکے۔ انہوں نے فلڈ ریلیف فنڈ کے تحت دیگر بینکوں میں بھی اکاو ¿نٹ کھولنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مخیر حضرات کو عطیات دینے میں آسانی ہو۔ یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز چیف منسٹر فلڈریلیف فنڈ کے استعمال اور انتظام کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ کمیٹی کی ٹیکنیکل ایڈوائزر سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے علاوہ صوبائی وزراءتیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل میں بین الاقوامی شراکت داروں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ متاثرین کی بحالی کا مرحلہ بہتر انداز میں مکمل کیا جاسکے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فنڈز کے مو ¿ثر استعمال کے لئے ہوم ورک مکمل کرکے حتمی لائحہ عمل منظوری کیلئے پیش کیا جائے اور واضح کیا کہ مستحق لوگوں تک ان کا حق پہنچناچاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگوںکی بحالی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور لوگوںکی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے معاوضے کی رقم میں اضافہ کیا ہے جس کا مقصد سیلاب زدگان کو حکومت کی طرف سے ریلیف فراہم کرنا ہے اور ان کے نقصانات کے ازالے میں اپنا حصہ ڈالنا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ متاثرین کی بحالی اور ریلیف کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ صوبے کے متاثرہ اضلاع میں ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کیلئے ایمرجنسی نافذ ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے بذات خود سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے دورے کئے اور وہاں پر نقصانات اور ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اُنہوںنے کہاکہ حکومت کو سیلاب متاثرین کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ دوردراز علاقوں میں متاثرین کی مدد کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کر رکھا ہے اور اس وقت یہ ہیلی کاپٹر ضلع لوئر کوہستان میں امدادی اور ریلیف سرگرمیوں میں مصروف ہے ۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ نے اپنے دورہ کوہستان کے دوران متعلقہ حکام کو متاثرین کی مدد کیلئے ہیلی کاپٹر کی فراہمی کی ہدایت کی تھی ۔ ہیلی کاپٹر نے گزشتہ دو دنوں سے ضلع لوئر کوہستان میں ریلیف آپریشن شروع کررکھا ہے جس کی تکمیل کے بعد ہیلی کاپٹر ضلع اپر کوہستان میں متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔