News Details

06/09/2022

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی محمود خان نے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 پاکستانی قوم کیلئے ایک تاریخی دن ہے

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی محمود خان نے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 پاکستانی قوم کیلئے ایک تاریخی دن ہے جب پاک افواج نے دشمن پر واضح کردیا تھا کہ اگر ہم اسلام دشمن قوتوں کی شدید مزاحمت کے باوجود آزادی حاصل کر سکتے ہیں تو اس آزادی کی حفاظت کرنا بھی بخوبی جانتے ہیں۔ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے اس کی کوئی سازش کارگر ثابت نہیں ہو گی آج پاکستان نہ صرف مضبوط ہے بلکہ ناقابل تسخیر بن چکا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو پاک افواج نے دشمن کی جارحیت کا نہ صرف منہ توڑ جواب دیا بلکہ پاکستان کی بقاءو سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ثابت کر دیا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں اور اپنے وطن کی سلامتی کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کے دن مسلح افواج اور پاکستانی قوم کا جذبہ دیدنی تھا اور آج اسی جذبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تاریخ پاکستانی قوم میں ایک نیا جذبہ پیداکرتی ہے اور دنیا اس بات کو مان لے کہ پاکستانی قوم اپنے ملک کی حفاظت, ترقی اور خوشحالی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتی۔محمود خان نے اس موقع پر وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ ہم اپنے شہداءکا خوان رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ محمود خان نے اس موقع پر کشمیری عوام سے بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا مسئلہ کشمیر کو آسان نہ لے، انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے اس مسئلہ کی نزاکت اور حساسیت کو سمجھےں اور مسئلہ کشمیر کوکشمیری عوام کی چاہت کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ہم کل بھی اپنے کشمیری عوام کے ساتھ تھے ، آج بھی ان کے ساتھ ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل تک ان کی حمایت جاری رکھیں گے ۔