News Details

23/08/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن جمیل فاروقی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن جمیل فاروقی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ نے اس طرح کے اقدامات کو آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے بزدلانہ اور غیر قانونی اقدام سے حق و سچ کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے دور میں صحافیوں، میڈیا اور سیاسی مخالفین کے ساتھ جو ہو رہا ہے اس کی کسی بھی جمہوریت میں مثال نہیں ملتی، یہ جمہوریت ہے اور جمہوریت میں ہر کوئی اپنی رائے کے اظہار کا پورا حق رکھتا ہے۔ موجودہ سیاسی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ عمران خان سمیت دیگر پارٹی قائدین اور صحافیوں کے خلاف جو کچھ ہو رہا ہے وہ بالکل غلط، غیر قانونی اور قابل مذمت ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ میں امپورٹڈ حکمرانوں پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں ، یہ آپ جو بھی کر رہے ہیں غلط کر رہے ہیں ایسا نہ کریں اور صاف شفاف انتخابات کروائیں پھر پتہ چل جائے گا کہ عوام آپ کے ساتھ ہیں یا عمران خان کے ساتھ اور کل کراچی کے ضمنی انتخابات سے اس بات کا واضح پتہ چل رہا ہے جس میں پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں ایک طرف تھیں لیکن عوام نے پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار کیا۔