News Details

19/08/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ڈی آئی خان کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے متعلق ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ڈی آئی خان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے ہونے والی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں فوری طور پر شروع کئے جائیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو مزید ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی فوری بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور متاثرہ آبادیوں کو درکار امداد کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے تمام درکار وسائل فراہم کرے گی۔ حالیہ بارشوں کے پیش نظر وزیر اعلیٰ نے صوبے کے دیگر تمام اضلاع کی انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ اور ریسکیو ادارے الرٹ رہیں ، سیلاب یا کسی بھی ناگہانی صورتحال کی صورت میں بروقت اور فوری امدادی کاروائیوں کو یقینی بنایاجائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ممکنہ جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لئے انتظامات کئے جائیں۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی وجہ سے مختلف واقعات کے نتیجے میں تین قیمتی انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مال و املاک کو پہنچنے والی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے جبکہ ان واقعات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔