News Details
18/08/2022
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے سرکاری ماڈل تعلیمی اداروں کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے، اورہر لحاظ سے مستحکم بنانے کے لئے اہم اقدام کے طور پر ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی منظوری دیدی ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے سرکاری ماڈل تعلیمی اداروں کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے، ان کے بہتر انتظام و انصرام کو یقینی بنانے اور انہیں ہر لحاظ سے مستحکم بنانے کے لئے اہم اقدام کے طور پر ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی منظوری دیدی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں یہ ورکنگ گروپ ان تعلیمی اداروں کے انتظامی ڈھانچے کے علاوہ موجودہ انفراسٹرکچر کا جائزہ لے کر ان میں پائی جانے والی کمی، خامیوں اور درکار ضروریات کی نشاندہی کرے گا۔ مذکورہ ورکنگ گروپ ان اداروں کے تعلیمی امور میں موجود نقائص کا بھی جائزہ لے گا۔ علاوہ ازیں ورکنگ گروپ ان تعلیمی اداروں میں تدریسی عملے اور دیگر افرادی قوت کی بھرتیوں کے طریقہ ہائے کار اور ضروریات کا بھی جائزہ لے گا۔ ورکنگ گروپ ایک مہینے میں ان اداروں کے مستقبل کی ضروریات پوری کرنے اور انہیں مالی طور پر خود انحصار بنانے کے لئے ایک پائیدار فنانشل ماڈل تیار کرنے کے علاوہ دیگر قابل عمل تجاویز پیش کرے گا۔ ورکنگ گروپ کے دیگر ممبران میں محکمہ ہائے خزانہ، ابتدائی و ثانوی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے انتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ اسپیشل سیکرٹری ڈیویلپمنٹ چیف منسٹر سیکرٹریٹ، ڈائریکٹر ابتدائی و ثانوی تعلیم اور ان تعلیمی اداروں کے پرنسپل صاحبان شامل ہیں۔ ان تعلیمی اداروں میں یونیورسٹی پبلک سکول پشاور، فضل حق کالج مردان، بنوں ماڈل سکول اینڈ کالج، ایبٹ آباد پبلک سکول، سنگوٹھہ پبلک سکول سوات، ایکسلشئیر کالج سوات اور وینسم کالج ڈی آئی خان شامل ہیں۔