News Details
16/08/2022
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پیر کے روز پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا بورڈ اجلاس منعقد ہوا
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پیر کے روز پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا بورڈ اجلاس منعقد ہوا جس میں نیو پشاور ویلی کے زمین مالکان کو لینڈ شیئرنگ فارمولہ کے تحت انٹیمیشن لیٹر رواں ہفتے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ صوبائی وزراءتیمور سلیم جھگڑا ، فیصل امین گنڈا پور اور اشتیاق ارمڑ کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان ، سیکرٹری جنگلات و ماحولیات عابد مجید ، ڈی جی پی ڈی اے اور بورڈ کے دیگراراکین نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی آکشن ریگولیشنز 2021 میں ضروری ترامیم کرنے کیلئے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس سلسلے میں حتمی تجاویز بورڈ کی منظوری کیلئے پیش کرے گی ۔ اجلاس میں نیو پشاور ویلی کیلئے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت نیو پشاور ویلی کے لینڈ ریکارڈ سے متعلق جملہ اُمور کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔ اجلاس میں فوت شدہ ملازمین کوٹہ کے تحت پی ڈی اے کے باقی ماندہ 22 کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ نیو پشاور ویلی کی رابطہ سڑک کی تعمیر پر پیشرفت کو تیز کیا جائے جبکہ ریگی ماڈل ٹاﺅن کے زون I ، زونII اور زونV کے مسائل حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائے جائیں۔