News Details

13/08/2022

خیبرپختونخوا ٹیکنکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 20 واں اجلاس جمعہ کے روزوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا

خیبرپختونخوا ٹیکنکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 20 واں اجلاس جمعہ کے روزوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں صوبے میں فنی تعلیم کے شعبے کو مستحکم بنانے کیلئے مختلف اُمور پر غور و خوض کے بعد متعدد اہم فیصلے کئے گئے ۔ سیکرٹری قانون مسعود احمد اور سیکرٹری صنعت ثاقب رضا کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام اور بورڈ اراکین نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں بورڈ کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیاگیا اور شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ بورڈ اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں سسٹم آف ٹیکنکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (STVET) کے 12 تربیتی اداروں کو خیبرپختونخوا ٹیکنکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی نے تحویل میں لے لیا ہے جبکہ پانچ مزید اداروں کو تحویل میں لینے پر پیشرفت جاری ہے ۔ اجلاس میںکے پی ٹیوٹا کے نظر ثانی شدہ بجٹ برائے مالی سال 2021-22 اور تخمینہ بجٹ برائے مالی سال2022-23 کی منظوری دی گئی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو کے پی ٹیوٹا کے ترقیاتی فنڈز کے استعمال کی شرح کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں فنی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کا فروغ صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر انہیں بااختیار بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو فنی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرکے صوبے سے بیروزگاری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر محکمہ صنعت کے اعلیٰ حکام کو صوبے میں فنی تعلیم کے شعبے کو جدید عصری تقاضوںسے ہم آہنگ کرنے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی ہے ۔