News Details

05/08/2022

مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مقبوضہ کشمیرکے عوام پر بھارت کے ظلم وستم خصوصاً گزشتہ تین سالوں سے سخت ترین لاک ڈاﺅن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ بھارت نے اس عرصہ کے دوران کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق" حق خودارادیت " سے محروم رکھنے کیلئے ظلم و ستم کی انتہاءکررکھی ہے ۔اُنہوںنے کہاکہ جب فاشسٹ بھارت نے دیکھا کہ تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوںکے باوجود کشمیری عوام اپنے حق کیلئے ڈٹ کرکھڑ ے ہیں تو فاشسٹ بھارتی حکومت نے 5 اگست 2019 کو بھارت کے آئین میں شامل مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت (آرٹیکل۔370 ) کاخاتمہ کرکے مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی ایک نئی داستان کا آغاز کیا جو انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے یہاں جاری خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ تین سالوں سے جاری بدترین ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارے نہتے کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبر کے سامنے سینہ سپر ہیں اور تشویش کی بات یہ ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار عالمی اداروں اور اقوام متحدہ کی قرارداد وں کی موجودگی میں کشمیری مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بین الاقوامی طاقتوں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں سے پر زور مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ظلم وستم کا نوٹس لیں اور انہیں ان کی مرضی سے جینے کا حق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کی خواہشات اور استصواب رائے سے مسئلہ کشمیر حل کیا جائے کیونکہ اس پورے خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے ۔اُنہوںنے اس موقع پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف برسرپیکارجرات مند کشمیری مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ہم ہمیشہ کی طرح کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر اُن کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے بین الاقوامی فورمز پر جس انداز میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کیا، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔ محمود خان نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ کشمیری شہداءکا خون ضروررنگ لائے گا،ظلم کی طویل داستان اپنے انجام کو پہنچے گی اور کشمیری مسلمان حق خودارادیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔