News Details
31/07/2022
صوبہ بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں/ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان بھیجنے کا اعلان
صوبہ بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں/ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان بھیجنے کا اعلان
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبہ بلوچستان میں سیلاب زدگان کے لیے امدادی پیکج بھیجنے کا اعلان کیا ہے اور متعلقہ حکام کو بلوچستان کے سیلاب متاثرین کو اگلے 24 گھنٹوں میں امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے امدادی سامان کے 32 ٹرک سیلاب متاثرین کو بھیجے جائیں گے۔امدادی سامان میں ایک ہزار خیمے، ایک ہزار کمبل اور ایک ہزار میٹرس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ہزار رضائیاں ، ایک ہزار ہائجین کٹس، ایک ہزار مچھر دانیاں اور دیگر ضروری سامان بھی امدادی پیکج میں شامل ہے۔خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کے ایک ہزار پیکج، ضروری ادویات اور 20 ڈی واٹرنگ پمپس بھی بھیجے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اس موقع پر سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت آزمائش کی اس گھڑی میں بلوچستان کے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نہ صرف متاثرہ عوام کے ساتھ غم میں شریک ہیں بلکہ عملاً ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حتمی مقصد متاثرہ عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں سہارا دینا اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت ہی ہمارا نصب العین ہے اور یہی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا وژن ہے۔