News Details
30/07/2022
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جمعہ کے روز پشاور کے علاقے ورسک روڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کثیر المنزلہ دو رہائشی وتجارتی عمارتوں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جمعہ کے روز پشاور کے علاقے ورسک روڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کثیر المنزلہ دو رہائشی وتجارتی عمارتوں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ ہائی رائز عمارتیں ورسک روڈ اور رحمان بابا کمپلیکس میں مجموعی طور پر ساڑھے 17 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائےں گی جن میں مختلف کیٹگریز کے کل 1240 فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ رحمان بابا کمپلیکس میں رہائشی عمارت 79 کنال رقبے پر تعمیر کی جائے گی جو 10 رہائشی فلورز پر مشتمل ہو گی جبکہ ورسک روڈ پر رہائشی وتجارتی عمارت 5 کنال رقبے پر تعمیر کی جائے گی جو 3 کمرشل فلورز اور 10رہائشی فلورز پر مشتمل ہو گی۔دونوں منصوبوں کے مجموعی فلیٹس میں سے 49 فیصد سرکاری ملازمین جبکہ 51 فیصد عام شہریوں کے لیے مختص ہو گا۔وزیر اعلیٰ نے کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی رائز بلڈنگز کی تعمیر ممکن بنانے پر صوبائی وزیر برائے ہاو ¿سنگ اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت چیئرمین عمران خان کے عام آدمی کی بھلائی کے وژن کے مطابق کام کر رہی ہے۔ ہائی رائز بلڈنگز کی تعمیر اور کم آمدنی والے طبقے کو سستی رہائشی سہولیات کی فراہمی اس وژن کا ایک حصہ ہے۔ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت تاریخ میں پہلی بار نیو پشاور ویلی کے نام سے میگا ہاو ¿سنگ سوسائٹی شروع کرنے جا رہی ہے، یہ واحد ہاو ¿سنگ سوسائٹی ہے جو لینڈ شیئرنگ فارمولا کے تحت قائم کی جا رہی ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی غیر زرعی زمینوں پر سرکاری ہاو ¿سنگ سکیمیں شروع کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت ہاو ¿سنگ اسکیموں کے تعمیر کے ساتھ ساتھ زرعی زمینوں کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ صرف غیر زرعی زمینیں ہی صنعت اور ہاو ¿سنگ کے مقاصد کے لیے استعمال ہونگی۔ محمود خان نے مزید کہا کہ عمران خان کا وژن اور سوچ صرف ملک کی ترقی اور خوشحالی ہے ،جب ملک میں سرمایہ کاری آرہی تھی، روپے کی قدر مستحکم تھی اور عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آرہی تھی تو ہماری حکومت پر شب خون مارا گیااور ملک پر ایک نااہل ٹولہ مسلط کیا گیا جس نے عوام کا جینا اجیرن کر دیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دو سیاسی جماعتوں نے چالیس سال ملک پر حکومت کی اور عوام کے پیسے سے اپنی جیبیں بھریں اوراب کی بار امپورٹڈ وزیر اعظم نے عوام کے ساتھ جو کیا عوام اسے معاف نہیں کریں گے۔ محمود خان نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ رواں سال کی پی ایس ڈی پی سے خیبر پختونخوا کے ترقیاتی منصوبے نکالے گئے اور امپورٹڈ حکومت نے پنجاب سے خیبرپختونخوا آٹے کی ترسیل پربھی پابندی عائد کی تھی۔ علاوہ ازیں وفاقی حکومت کی طرف سے ضم اضلاع کے لوگوں کے لیے صحت کارڈ کی سہولت بھی ختم کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت قبائلی عوام کے لیے اپنے فنڈز سے صحت کارڈ کی سہولت جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا، اس نا اہل ٹولے نے وہ بھی چھین لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان ہی عوام کے لیے امید کی کرن ہیں اور وہ قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران عوام کے پاس جانے کی باتیں کر رہے ہیں مگر انہیں سوچنا چاہئیے کہ وہ کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے ۔ پنجاب سمیت ملک بھر کے عوام نے واضح کر دیا کہ وہ کسی کی غلامی قبول نہیں کریں گے۔ محمود خان نے کہا کہ
عوام سب جانتے ہیں کون ملک کے ساتھ مخلص ہے اور کون صرف ملک کو لوٹنے کے لیے اقتدار میں آتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں ترقی و خوشحالی کے لیے امپورٹڈ حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا۔ صوبائی وزیر برائے ہاو ¿سنگ ڈاکٹر امجد نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اپنے محکمے کے تحت جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی۔