News Details

29/07/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جمعرات کے روز خیبر میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نئے اکیڈیمک بلاک ، ایڈمن بلاک اور متعدی بیماریوں کی تشخیص کےلئے چارمختلف لیبارٹریوں کا افتتاح کیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جمعرات کے روز خیبر میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نئے اکیڈیمک بلاک ، ایڈمن بلاک اور متعدی بیماریوں کی تشخیص کےلئے چارمختلف لیبارٹریوں کا افتتاح کیا۔ یہ منصوبے مجموعی طور پر تقریباً 69 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کئے گئے ہیں۔متعدی بیماریوں کی تشخیص کے لئے مذکورہ لیبارٹریوں کا قیام صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد اقدام ہے جس کی وجہ سے مختلف بیماریوں کے پیچیدہ ٹیسٹ صوبے ہی میں کئے جائیں گے جبکہ اس سے قبل کانگو بخار سمیت مختلف بیماریوں کے ٹیسٹ اسلام آباد یا کراچی سے کروائے جاتے تھے۔ صوبائی کابینہ اراکین تیمور سلیم جھگڑا، کامران خان بنگش، بیرسٹر محمد علی سیف کے علاوہ سیکرٹری صحت عامر سلطان ترین ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم داود خان، وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق، وائس چانسلر جامعہ پشاور پروفیسر ڈاکٹر ادریس خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عمران خان کے وڑن کے مطابق عوام پر براہ راست سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ صحت کارڈ اسکیم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا خیبر پختونخوا کے عوام کے لئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے۔ اب تک صحت کارڈ اسکیم کے تحت لاکھو ں مریضوں کے مفت علاج پر 31 ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ عوامی مفاد کے پیش نظر صحت کارڈ کو مزید جامع بنایا جارہا ہے اور اس میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سمیت دیگر پیچیدہ بیماریوں کے علاج کو بھی شامل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال کے بجٹ میں صحت کارڈ کے لئے 25 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اسکے علاوہ صوبہ بھر میں نان ٹیچنگ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کی تجدید کاری کے لئے 15 ارب روپے مالیت کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ صوبے میں 200 بی ایچ یوز اور 50 آر ایچ سیز کو 24/7چلانے کے لئے بھی منصوبے پر کام جاری ہے۔ رواں سال کے بجٹ میں صوبے میں چار نئے میڈیکل کالجوں کے قیام کا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ لوگوں کو صحت سہولیات کی مقامی سطح پر فراہمی کے لئے صوبے کے چاروں ریجنز میں بڑے ہسپتالوں کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کر رہی ہے اور جن ہسپتالوں میں طبی آلات کی کمی ہے ان کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی بہترین کارکردگی پر وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت یونیورسٹی کو دوسرے صوبوں کے لئے ایک قابل تقلید ماڈل بنانے کے لئے تمام درکاروسائل فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کی پارٹی ہے اور لوگوں کو اس سے دلی لگاو ¿ ہے۔ پنجاب میں امپورٹڈ حکومت کا خاتمہ ہوگیا ہے اور جلد عام انتخابات منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہیں جو ہمیشہ غریب عوام اور ملک کا سوچتے ہیں اور انشاءاللہ آئندہ عام انتخابات میں عمران خان دو تہائی اکثریت سے دوبارہ اقتدار میں آئیں گے۔ عمران خان نے پنجاب میں صحت کارڈ اور احساس پروگرام جیسے غریب دوست منصوبے دوبارہ شروع کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر عمران خان کو سپورٹ کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی کے حوالے سے اپنی پارٹی قیادت اور اپنے صوبے کے عوام کو جوابدہ ہیں اور اپنی حکومت کی چار سالہ کارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے رکھیں گے۔ محمود خان نے کہا کہ وہ حلفاً کہہ سکتے ہیں کہ بحیثیت وزیراعلیٰ سرکاری ملازمتوں کے معاملے میں کبھی کوئی مداخلت نہیں کی ، میرٹ کی بالادستی تحریک انصاف کا منشور ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ انہوں نے صوبے کے عوام کے لئے جو ترقیاتی کام کئے ہیں ان کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اٹھائے گئے حکومتی اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ قبل ازیں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق نے یونیورسٹی کی پندرہ سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ یونیورسٹی پچھلے پندرہ سالوں کے دوران ترقی کی کئی منازل طے کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ےہ ملک کی واحد یونیورسٹی ہے جہاں پر پبلک ہیلتھ، بیسک میڈیکل سائنسز، نرسنگ اور فزیو تھراپی میں پی ایچ ڈی اور کلینیکل سائنسز کے تیرہ شعبوں میں ایڈوانس فیلوشپ کے پروگرام آفر کئے جار ہے ہیں۔