News Details

19/07/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کاپنجاب ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پرپارٹی قائدین، امیدواروں اور کارکنان کو مبارکباد

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پنجاب ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پرپارٹی قائدین، امیدواروں اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج عمران خان کے بیانیے کی فتح ہیں اور اب یہ تبدیلی نہیں بلکہ ایک انقلاب ہے جس کے سامنے اب کوئی نہیں ٹھہر سکتا۔خیبرپختونخوا اور پنجاب کی طرح پورے ملک کے عوام عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور پنجاب ضمنی انتخابات کے نتائج واضح بتا رہے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پورے ملک میں کلین سویپ کرے گی اور دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ محمود خان نے پی ٹی آئی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرنے پر پنجاب کے باشعور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات نے پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن کردی ہے اور یہ واضح ہوگیا ہے کہ واحد پی ٹی آئی ہی ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے باشعور عوام نے بھی موروثی سیاست اور امپورٹڈ حکومت کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ پیسے کے زور پر ووٹ خریدنے والے آج ووٹ کی طاقت کے سامنے ڈھیر ہوگئے ہیں اور انہیں اندازہ ہو گیا ہے کہ پیسے کے زور پر عوام کے ضمیر نہیں خریدے جا سکتے۔پنجاب کے عوام نے پوری قوم کی تقدیر کا فیصلہ سنا دیا ہے اور ان انتخابات نے کئی دہائیوں پر محیط پنجاب کی سیاست کا رخ یکسر تبدیل کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ ضمنی انتخابات آنے والے عام انتخابات کا ٹریلر ہیں اور امید ہے آنے والے عام انتخابات میں پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔پی ڈی ایم نے پیسے کے زور پر پاکستان کے عوام کا مینڈیٹ چرا یا تھا اور اب ان انتخابات کے نتائج کے بعد پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔