News Details

10/07/2022

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم اور خصوصا خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد دی ہے

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم اور خصوصا خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعلی نے کہا ہے کہ عید الاضحی عالم اسلام کے لئے خوشی کا سب سے بڑا تہوار ہے جو ہمیں ایثار ، قربانی، محبت، اتفاق اور ایک دوسرے کے لئے جینے کا درس دیتا ہے۔ اس دن سنت ابراہیمی کی ادائیگی ہمیں اللہ تعالی کی رضاجوئی اور دوسروں کے دکھ سکھ بانٹنے کے لئے سب کچھ قربان کرنے کا احساس دلاتی ہے۔ انہوں نے عوام اور خصوصا معاشرے کے صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ عیدکے اس پر مسرت موقع پر اپنے ارد گرد نادار اور مستحق لوگوں کو اپنی خوشیوں میں ضرور شریک کریں اور یہی اس عظیم اسلامی تہوار کی اصل روح اور انسانیت کی معراج ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ عیدالاضحی کا یہ اہم دن ہمیں اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد، اتفاق ، یگانگت، امن اور سلامتی کا درس دیتا ہے جو دین اسلام کا آفاقی پیغام ہے۔وزیراعلی نے عوام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد صفائی اور ستھرائی کا خاص خیال رکھیںاور اس سلسلے میں صفائی عملے کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔ وزیراعلی نے اس موقع پر ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کوبھی عید کی خصوصی مبارکباد دی ہے۔