News Details

09/07/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے عید الاضحی کے موقع پر شہروں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو خصوصی پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے عید الاضحی کے موقع پر شہروں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو خصوصی پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے ۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری خصوصی احکامات میں وزیراعلی نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنیز اور ٹی ایم ایزکو عید کے ایام کے دوران ہمہ وقت الرٹ اور متحرک رکھنیکی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ صوبہ بھر میں ٹی ایم ایز اور واٹر سپلائی اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنیوں کے صفائی کے عملے اور دیگر متعلقہ سٹاف کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی جائیں۔محمود خان نے ہدایت کی کہ تمام شہروں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو تلف کرنے کے لیے خصوصی انتظام کیا جائے اورجانوروں کی باقیات و آلائشوں کو بر وقت ٹھکانے لگایا جائے۔ وزیر اعلی نے عید کے ایام میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر جانوروں کی آلائشوں کو بلاتاخیر ٹھکانے لگانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت کی گنجائش موجود نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کہیں سے بھی صفائی ستھرائی سے متعلق شکایت نہیں آنی چاہیے۔ وزیر اعلی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر صفائی عملے سے بھر پور تعاون کریں اورقربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو گلی کوچوں میں پھینکنے سے گریز کریں۔