News Details
06/07/2022
خیبرپختونخوا انوائرنمنٹل پروٹیکشن کونسل کا پہلا اجلاس منگل کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا
خیبرپختونخوا انوائرنمنٹل پروٹیکشن کونسل کا پہلا اجلاس منگل کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں صوبے کی تازہ انوائرنمنٹل پروفائلنگ کرانے جبکہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے اینٹ کی بھٹیوں میںزگ زیگ ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس میں بعض ضروری ترامیم کے ساتھ کونسل کے رولز آف پروسیجرز اور کونسل کے تحت مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کی منظوری بھی دی گئی۔ صوبائی کابینہ اراکین اشتیاق ارمڑ ، بیرسٹر محمد علی سیف کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، کونسل کے نجی ممبران اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو کونسل کی تشکیل ، اختیارات ، ذمہ داریوں اور دیگر جملہ اُمو رپر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ کونسل کے اجلاس میں پانی اور ہوا میں آلودگی کی مانیٹرنگ کیلئے جدید آلات استعمال کرنے جبکہ صنعتوں سے پیدا ہونے والی آلودگی کی مانیٹرنگ کیلئے کارخانوں میں خود کار سنسرز لگانے پر اتفاق کیا گیا ۔ اس کے علاوہ انڈسٹریل زونز میں واٹر ری سائیکلنگ پلانٹس کی تنصیب پر اتفاق کیا گیا اور وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ہوم ورک کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کی کلائمیٹ چینج پالیسی اور ایکشن پلان 2022 ءتیار کرلئے گئے ہیںجو حتمی منظوری کیلئے جلد صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کئے جائیں گے ۔ مزید بتایا گیا کہ ماحولیاتی آلودگی کے موثر تدارک کیلئے انوائرنمنٹل پروٹیکیشن ایکٹ 2014 میں ضروری ترامیم تجویز کی گئی ہیں جبکہ ایکٹ میں ان ترامیم کے علاوہ پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کرنے کی شق شامل کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ماحولیاتی آلودگی کے تدار ک کیلئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان کوآرڈنیشن کا موثر نظام وضع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ متعلقہ ادارے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے اپنی اپنی ذمہ داریاں بروقت پوری کریں ۔اُنہوںنے مزید ہدایت کی ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کیلئے بننے والے قوانین اور قواعد وضوابط پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے کارخانوں پر کڑی نظررکھی جائے ۔ اُنہوںنے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے کارخانوں کے این او سیز منسوخ کرنے کا اختیار انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کودیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے زرعی زمینوں کے تحفظ کیلئے متعلقہ حکام کو بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو جلد فعال بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔