News Details
29/06/2022
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، تحریک انصاف کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، تحریک انصاف کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، سوات کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی اس بات کا بین ثبوت ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے غیور کارکنوں نے پی ڈی ایم کے حمایت یافتہ امیدوار سمیت پاکستان تحریک انصاف کے ناراض امیدوار کو تاریخی شکست دےکر ثابت کردیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا بیانیہ وقت کی آواز ہے، امپورٹڈ حکومت نے ملک میں مہنگائی اور بے روز گاری کے سارے ریکارڈ توڑ دیے، حکمرانوں نے غریب عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ حقیقی آزادی کے لیے عمران خان کی قیادت میں امریکی غلامی سے نجات حاصل کرکے ہی دم لیں گے اور سازشی ٹولے کو شکست دیکر چلتا کریں گے اور عام انتخابات میں نئی تاریخ رقم کریں گے۔ ایک قومی جریدے کو خصوصی انٹریو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کی حکومت نے نامسائد حالات کے باوجود ٹیکس فری اور متوازن بجٹ دیا مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سولہ فیصد اور پنشن میں پندرہ فیصد اضافہ کیا جو کوئی بھی حکومت نہ کرسکی۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ ہمیں غریب عوام کے مسائل کااداراک ہے ہم عوامی لوگ ہیں، ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے امپورٹڈ حکمران صرف اپنے مقدمات اور کرپشن کیسز کو چھپانے کے لیے اقتدار میں آئے ہیں، ان کا عوام سے کوئی سروکار نہیں ، انہوں نے پہلے بھی اپنی تجوریاں بھریں اور اب بھی وہ اسی ایجنڈے پر آئے ہیں، محمود خا ن نے کہا کہ تحریک انصاف نے اقتدار کو عوام کی امانت سمجھا تحریک انصاف کے چیئرمین اور ہماری پوری ٹیم ملک سے کرپشن کے خاتمے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر اقتدار میں آئی اور عمران خان نے پہلی بار بڑے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا اور یہی وجہ ہے کہ پہلی بار ملک کی تاریخ میں باریاں لینے والے حکمرانوں نے جیل کی ہوا کھائی ان کو معلوم تھا کہ عمران خان اپنی حکومت کے پانچ سال پورے کریں گے تو ان کا مستقبل جیل میں ہی ہوگا اس لیے بیرونی سازش کے آلہ کار بن کر انہوں نے ایک جمہوری حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا ڈرامہ رچایا۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ ہم کسی طور امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے ، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ اور پورے پاکستان کے عوام عمران خان پر بھر پور اعتماد کررہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ امپورٹڈ حکمرانوں کی نیندیں حرام ہورہی ہے۔ صمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرنے پر محمود خان نے سوات کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ سوات کے عوام آئندہ عام انتخابات میں بھی تحریک انصاف کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔