News Details

28/06/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ضلع چارسدہ ، بونیر، ہری پور اور مانسہرہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نئے میڈیکل کالجز کے قیام کےلئے ابتدائی کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ضلع چارسدہ ، بونیر، ہری پور اور مانسہرہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نئے میڈیکل کالجز کے قیام کےلئے ابتدائی کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اضلاع میں پہلے سے موجود غیر مستعمل سرکاری عمارتوں کا معائنہ کرکے 15 دنوں کے اندر رپورٹ پیش کی جائے تاکہ وہ عمارتیں موزوں ہونے کی صورت میں میڈیکل کالجوں کے قیام کےلئے استعمال میں لائی جاسکیں۔ انہوں نے حکام کو مزید ہدایت کی ہے کہ ان عمارتوں کا معائنہ پاکستان میڈیکل کمیشن کے طے شدہ معیار کی روشنی میں کیا جائے اور کسی بھی کمی بیشی کی صورت میں اسے پورا کرنے کے لئے تجاویز بھی پیش کی جائیں۔ وہ پیر کے روز نئے بجٹ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اعلان کردہ نئے میڈیکل کالجوں کے قیام کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی کابینہ اراکین تیمور سلیم جھگڑا ، بیرسٹر محمد علی سیف ، ریاض خان، عارف احمدزئی اور سیداحمد حسین شاہ کے علاوہ متعلقہ اضلاع کے منتخب اراکین صوبائی اسمبلی ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری ہیلتھ عامر سلطان ترین، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شاہین آفریدی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے ان اضلاع میں میڈیکل کالجوں کے قیام کوعلاقے کے لوگوں کی اشد ضرورت قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں بروقت عملی پیشرفت یقینی بنانے کےلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ۔ انہو ںنے حکا م کو یہ بھی ہدایت کی کہ ان میڈیکل کالجوں کے قیام کےلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ساتھ ساتھ میڈیکل کالج قائم کرنے کےلئے سرکاری طریقہ کار کو بھی زیر غورلایا جائے تاکہ جہاں ممکن ہونے کی صورت میں وہاں پر سرکاری سطح پر میڈیکل کالج قائم کیا جائے۔