News Details
25/06/2022
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جمعہ کے روز پولیس سروسز ہسپتال پشاور میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلاکر صوبے میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جمعہ کے روز پولیس سروسز ہسپتال پشاور میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلاکر صوبے میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا ہے ۔ صوبے کے 25 اضلاع میں انسداد پولیو مہم 27 جون سے شروع ہوگی جس کے دوران 25 لاکھ 80 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، سیکرٹری صحت عامر سلطان ترین، ٹیم لیڈ یونیسف ڈاکٹراینڈریو ، ٹیم لیڈ عالمی ادارہ صحت وحید کامران اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انسداد پولیو مہم کیلئے 11 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیںجن میں 10 ہزار سے زائد موبائل ٹیمیں،670 فکسڈ ٹیمیں،558 ٹرانزٹ ٹیمیں اور70 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں۔پولیو ٹیموں کے تحفظ کیلئے 14 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت صوبے کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہے اور حکومت دیگر شراکت داروں کے تعاون سے اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اُٹھارہی ہے ۔ اُنہوںنے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں اور وہ اس سلسلے میں پولیو ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کو محفوظ مستقبل دینے کیلئے اجتماعی اور انفرادی کوششیں کرنا ہوں گی ۔ اُنہوںنے اساتذہ اور والدین سمیت معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا ہے کہ وہ ملک بالخصوص صوبے سے پولیو کے خاتمے میں اپنا موثر کردار ادا کریںتاکہ ملک کو پولیو فری بنایا جا سکے ۔