News Details
24/06/2022
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے شانگلہ پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کے اراکین نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے شانگلہ پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کے اراکین نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی اورشانگلہ میں صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے حل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی، سیکرٹری انفارمیشن ذکا اللہ خٹک، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن امداد اﷲ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلی نے اس موقع پرشانگلہ پریس کلب کی نو منتخب کابینہ سے باضابطہ حلف بھی لیا اورشانگلہ پریس کلب کے لیے پچاس لاکھ روپے خصوصی گرانٹ کا اعلان کیا۔انہوں نے محکمہ اطلاعات کو شانگلہ اور بشام پریس کلبوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ محمود خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور انہوں نے صحافتی برادری کی طرف سے مثبت تنقید کا ہمیشہ خیر مقدم کیا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اور میڈیا کے مابین مثالی تعلقات ہیں۔ صحافت ریاست کا چوتھا ستون اور صحافی معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک پرامن اور مثالی معاشرے کے قیام کے لیے دیگر شعبوں کی طرح مثبت صحافت کا کردار ہمیشہ سے نمایاں رہا ہے۔ محمود خان نے شعبہ صحافت کے استحکام و فروغ کے لیے اپنی حکومت کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، پریس کلبوں کو امدادی گرانٹ کی فراہمی اور پریس کلبوں کی تعمیر و بحالی پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ وزیراعلی نے مزید کہا کہ نئے ضم اضلاع میں شعبہ صحافت کا فروغ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے ضم اضلاع میں پریس کلبوں کی تعمیر و ترقی پر کام جاری ہے۔ وزیراعلی نے شانگلہ پریس کلب کے نو منتخب صدر خالد خان اور دیگر اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ شانگلہ پریس کلب کی نو منتخب کابینہ علاقے کے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے اپنی بھر پور صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔