News Details

22/06/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے ملاقات کی اور ایڈہاک ٹیچرز کی مستقلی سے متعلقمعاملات پر تبادلہ خیال کیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے ملاقات کی اور ایڈہاک ٹیچرز کی مستقلی سے متعلقمعاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر تمام ایڈہاک ٹیچرز کو اُن کی تاریخ تقرری سے مستقل کرنے اور اُن کی سنیارٹی کو بھی تاریخ تقرری سے برقرار رکھنے کا اعلان کیااور کہا کہ مستقل ہونے والے اساتذہ کے سالانہ انکریمنٹس کو بھی بنیادی تنخواہ میں شامل کیا جائے گا۔محمود خان نے واضح کیا کہ وہ ایڈہاک اساتذہ کی مستقلی کی سمری پر دستخط کرچکے ہیںاور مستقلی کا بل جلد صوبائی کابینہ کے اجلاس میںپیش کیا جائے گا جو حتمی منظوری کےلئے صوبائی اسمبلی کو بھیجا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت ایڈہاک اساتذہ کو مستقل کرنے کی منصوبہ بندی پہلے سے کر چکی تھی جس کا بجٹ میں اعلان بھی کیا گیا تھا،اس سلسلے میں ایڈہاک اساتذہ کا احتجاج بلا جواز تھا۔ اُنہوںنے کہاکہ شعبہ تعلیم شروع دن سے صوبائی حکومت کی ترجیح رہی ہے۔ دیگر تعلیمی اصلاحات کے ساتھ ساتھ میرٹ کی بنیاد پر ہزاروں نئے اساتذہ بھرتی کیے گئے ہیں،حکومتی اقدامات کا حتمی مقصد صوبے کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ قابل اور اہل لوگوں کو میرٹ کے ذریعے روزگار کی فراہمی اور ملازمت کا تحفظ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے یہی وجہ ہے کہ نئے بجٹ میں 63 ہزار ایڈہاک ملازمین کو مستقل کیا جا رہا ہے جن میں 58 ہزار اساتذہ ہیں۔اس موقع پر ینگ ٹیچرز ایسو ایشن کے نمائندوںنے تاریخ تقرری سے ایڈہاک اساتذہ کی مستقلی کے اعلان پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیااور کہاکہ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لئے تحریک انصاف حکومت نے بے مثال اقدامات اُٹھا ئے ہیں۔تعلیم کے شعبے میں تحریک انصاف کی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات قابل تحسین ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی اور وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کے علاوہ محکمہ تعلیم اور خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔