News Details

20/06/2022

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان کامتعلقہ حکام کو نیو پشاور ویلی منصوبے پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت کو یقینی بنانے کی ہدایت

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو نیو پشاور ویلی منصوبے پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لینڈشیئرنگ فارمولے کے تحت منصوبے کے لئے زمین کے حصول کے سلسلے میں زمین مالکان کو اسی مہینے کی 25 تاریخ تک Intimation Letters کے باضابطہ اجراءکے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے تاکہ منصوبے پر عملی کام کا باقاعدہ آغاز کیا جاسکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ منصوبے کے مقام پر پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے سب آفس کے قیام، پولیس پوسٹ کے قیام اور پولیس عملے کی تعیناتی، اراضی کے حصول سے متعلق معاملات کی بروقت انجام دہی کے لئے درکار ریونیو عملے کی تعیناتی اور ہاوسنگ اسکیم کیلئے رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے لئے پی سی ون کی جلد تیاری اور منظوری کے لئے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ وہ گزشتہ روز نیو پشاور ویلی سٹی منصوبے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں منصوبے پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور مزید پیشرفت کے لئے متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کو منصوبے پر اب تک کی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس میگا ہاوسنگ اسکیم کے لئے اب تک 8000 کنال زمین کو کلئیر کردیا گیا ہے جبکہ پی ڈی اے کے بورڈ اجلاس میں منصوبے کے حتمی ماسٹر پلان کی باضابطہ منظوری دیدی گئی ہے جس کے مطابق یہ ہاوسنگ اسکیم ایک لاکھ چھ ہزار چار سو کنال وسیع اراضی پر قائم کی جائے گی جس میں سے 41 فیصد رقبہ رہائشی پلاٹس اور اپارٹمنٹس پر مشتمل ہو گا جبکہ کل رقبے کا 28 فیصد سڑکوں کی تعمیر،16 فیصد رقبے پر پارکس اور اوپن سپیسز،7 فیصد رقبے پر سرکاری عمارات جبکہ 5 فیصد رقبہ کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ تفصیلی ماسٹر پلان میں منصوبے کے تحت ابتدائی طور پرمختلف کیٹیگریز کے 62056 رہائشی پلاٹس تجویز کیے گئے ہیں جن میں تین مرلے کے 16312 پلاٹس، پانچ مرلے کے 17201 پلاٹس، سات مرلے کے 3402 ، دس مرلے کے 9526 ، ایک کنال کے 13415 ، دوکنال کے 1494 اور چار کنال کے 706 پلاٹس شامل ہیں۔8 ہزار کنال رقبہ ریزرو رکھا گیا ہے جو ضرورت کے مطابق رہائشی پلاٹس کی فراہمی کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔ منصوبے کے دیگر اہم فیچرز میں سول سیکرٹریٹ، میڈیا انکلیو، سپورٹس سٹی اور ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ سٹی بھی شامل ہیں جو بین الاقوامی معیار کی جدید ترین سہولیات پر مشتمل ہوں گی۔اس کے علاوہ ایک میگا پارک بھی قائم کیا جائے گا جو گالف کورسز، جھیل، کلچرل ویلیج، گندھارا میوزم، تھیم پارک، فاریسٹ،ایڈونچر ایریا اور دیگر سٹیٹ آف دی آرٹ تفریحی سہولیات پر مشتمل ہو گا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس ہاوسنگ اسکیم تک رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے لئے ایک منصوبہ نئے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جا چکا ہے جس کا پی سی ون تیاری کے مراحل میں ہے۔ وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری بلدیات ظہیر الاسلام، ڈی جی پی ڈے اے فیاض علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔