News Details
08/06/2022
چشمہ رائٹ بینک لفٹ کنال منصوبہ نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے ملک کی زرعی خود کفالت میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا کے اہم منصوبے چشمہ رائٹ بینک لفٹ کنال کی سنٹرل ورکنگ ڈویلپمنٹ پارٹی سے منظوری پر صوبے بالخصوص جنوبی اضلاع کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے ملک کی زرعی خود کفالت میں سنگ میل ثابت ہوگا، منصوبے کی تکمیل سے جنوبی اضلاع کی تین لاکھ ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہوگی، علاقے میں زراعت کی ترقی سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گاجس کے نتیجے میں لوگوں کےلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ گزشتہ تین دہائیوں سے تاخیر کا شکار تھا اور صوبائی حکومت پچھلے تین سالوں سے مسلسل اس منصوبے کی منظوری پر کام کر رہی تھی اور صوبائی حکومت کی انتھک کوششوں سے بالآخر منصوبہ سی ڈی ڈبلیو پی سے منظور ہوا اور اب یہ منصوبہ عملدرآمد کےلئے فیڈرل پی ایس ڈی پی میں شامل کیا جائے گا۔