News Details
04/06/2022
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ اور نا اہل حکمران خیبرپختونخوا میں آٹے اور گندم کی سرحد پار سمگلنگ کی باتیں کرکے یہ تاثر دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں کہ پختون اسمگلر ہیں
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ اور نا اہل حکمران خیبرپختونخوا میں آٹے اور گندم کی سرحد پار سمگلنگ کی باتیں کرکے یہ تاثر دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں کہ پختون اسمگلر ہیں مگر میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ پختون سمگلر نہیں بلکہ سرحدوں کے محافظ ہیں جنہوں نے اس ملک میں امن کےلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آٹا یا گندم سرحد پار سمگل ہو بھی رہا ہے تو بارڈر منیجمنٹ کے تمام ادارے وفاقی حکومت کے ماتحت ہوتے ہیں نہ کہ صوبائی حکومت کے جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اس اسمگلنگ میں وفاق میں بیٹھے امپورٹڈ حکمران خودبھی ملوث ہیں۔
وہ جمعہ کے روز بونیر میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام ایک عوامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے پنجاب میں آٹے کی ایک قیمت مقرر کی ہے جبکہ خیبر پختونخوا کیلئے کوئی اور قیمت مقرر کی ہے جو ان کی طرف سے خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے لیکن میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم خیبرپختونخوا کے عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے اور اپنے حقوق چھین کر رہیں گے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ امپورٹڈ وزیراعظم صرف اور صرف پنجاب کی باتیں کرتے ہیں، اسے دوسرے صوبوں کی نہ کوئی فکر ہے اور نہ وہ ان کےلئے کچھ کر رہے ہیں جبکہ ہمارے قائد عمران خان کو تمام وفاقی اکائیوں کی فکر ہے اوروہ تمام وفاقی اکائیوں کو مضبوط کرنے کی بات کرتے ہیں۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ نااہل حکمرانوں نے غریب عوام پر مہنگائی کا پہاڑ گرادیا ہے ، آئے روز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں انہی وسائل سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو بھی کنٹرول کر رکھا تھا اور عوام کو ریلیف دینے کےلئے متعدد پروگرامز بھی چلا رہا تھالیکن موجودہ حکمرانوں کو غریب عوام کی کوئی پرواہ نہیں، ان کے پاس عوام کودینے کےلئے کچھ نہیں اور وہ صرف اپنی چوری چھپانے میں مصروف ہیں۔