News Details
03/06/2022
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ضلع شانگلہ میںیونیورسٹی کے قیام کی منظوری دے کر عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ضلع شانگلہ میںیونیورسٹی کے قیام کی منظوری دے کر عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے ۔ صوبائی کابینہ نے کل منعقد ہونے والے اپنے اجلاس میں شانگلہ یونیورسٹی کے قیام کی باقاعدہ منظوری دے دی جو پی ٹی آئی حکومت کا شانگلہ کے عوام کے لئے بہت بڑا تحفہ ہے اور اس یونیورسٹی کے قیام سے شانگلہ اور ملحقہ اضلاع کے عوام کو اعلی تعلیم کے حصول کی سہولت ان کے گھر کی دہلیز پر میسر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ صوبائی کابینہ نے شانگلہ کی تحصیل کانا کو سب ڈویژن کا درجہ دینے کی بھی منظوری دیدی ہے جس سے لوگوں کے عمومی مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز شانگلہ کے ہیڈکوارٹر بشام میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا پی ٹی آئی حکومت عوام سے کئے ہوئے تمام وعدے ایک ایک کرکے پورے کر رہی ہے اور ان کے تمام مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کرے گی۔ شانگلہ کے سابقہ منتخب عوامی نمائندوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ انہوں نے سب کے ساتھ اقتدار کے مزے لوٹے اور اپنی جائیدادوں میں اضافہ کیا مگر شانگلہ کے عوام کو سبز باغ دکھانے کے علاوہ ان کی ترقی کے لئے کچھ بھی نہیں کیا جس کے نتیجے میں یہ ضلع ترقی کے میدان میں پیچھے رہ گیا اور ہماری حکومت یہاں کے مسائل ایک ایک کرکے حل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شانگلہ کے غیور عوام نے گزشتہ عام انتخابات اور حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ان مفاد پرست عناصر کو یکسر مسترد کرکے پاکستان تحریک انصاف پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا جس پر وہ شانگلہ کے عوام کا تہہ دل سے مشکور ہیں۔ وزیر اعلی محمود خان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ وزیر اعظم نے گزشتہ دنوں بشام میں جلسے سے خطاب کے دوران خیبرپختونخوا کے عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے اپنے کپڑے بیچنے کی مضحکہ خیز بات کی لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ چوروں کے کپڑے کوئی نہیں خریدتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت ہمیں دھمکیاں دے رہی ہے لیکن ہم کسی صورت ان کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں اور جب ہمارے قائد عمران خان دوبارہ مارچ کی کال دیں گے تو ہمارے کارکنان اورنوجوان بہت بڑی تعداد میں دوبارہ اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔ اجتماع سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، صوبائی صدر پرویز خٹک، صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔