News Details
21/05/2022
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جمعہ کے روز پشاور کے علاقے متھرا کا مختصر دورہ کیا جہاں انہوں نے گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ متھرا کا سنگ بنیاد رکھا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جمعہ کے روز پشاور کے علاقے متھرا کا مختصر دورہ کیا جہاں انہوں نے گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ متھرا کا سنگ بنیاد رکھا اور عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کے قیام پر مجموعی طور پر ڈیڑھ ارب روپے لاگت آئے گی۔ ابتدائی طور پر ادارے میں چار شعبہ جات سول ٹیکنالوجی، بائیو میڈیکل، مائننگ ٹیکنالوجی اور کوانٹیٹی سروے میں تین سالہ ڈپلومہ کورسز کروائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے متھرا میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ تو امپورٹڈ وزیراعظم کومانتے ہیں اور نہ ہی امپورٹڈ حکومت کےساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وفاقی ترقیاتی پروگرام میں خیبرپختونخوا کےلئے جو ترقیاتی منصوبے شامل کئے تھے وہ امپورٹڈ حکومت نکالنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن میں واضح کرنا چاہتاہوں کہ بحیثیت وزیراعلیٰ صوبے کے عوام کا حق امپورٹڈ حکومت سے چھین کر لوں گا اور صوبے کے مفادات پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔عوامی خدمت کے جذبے سے سیاست میں آیاہوں اور عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہاز شریف نے بیا ن دیا تھا کہ گندم خریدنے کے لئے اپنے کپڑے بیچ دیں گے مگر میں کہتا ہوں کہ عوام کی لوٹی ہوئی دولت واپس خزانے میں جمع کرادیں کپڑے بیچنے کی نوبت نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب عمران خان کوحکومت ملی تو ملک دیوالیہ ہونے والا تھا لیکن عمران خان نے ملکی معیشت کو سنھبالا اور درست سمت پر گامزن کیا اورجب ہماری حکومت ختم ہوئی تو خزانے میں 22 ارب ڈالر زرمبادلہ کے ذخائر موجود تھے لیکن موجودہ نااہل حکومت نے جو پیسے ہم نے جمع کئے تھے وہ بھی خرچ کر دئیے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جب صحت کا رڈ ، احساس پروگرام اور دیگر انقلابی منصوبے شروع کئے گئے تو ہماری حکومت پر شب خون مارا گیا اور اس نااہل ٹولے کو ایک سازش کے تحت قوم پر مسلط کیا گیا۔ محمود خان نے کہا کہ جو حکومت پٹرول کی قیمتوں کا فیصلہ تک نہیں کر پارہی وہ خاک ملک چلائے گی ۔ محمود خان نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ میں خیبرپختونخوا کی شرکت نمایاں ہوگی اور ہم سب نے اس میں بھر پور شرکت کرکے اسے کامیاب بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نوجوانوںمیں آزادی اور خودمختاری کا شعور بیدار کیا ہے اور پاکستان جس مقصد کے لئے بنا ہے انشاءاللہ عمران خان کی قیادت میں اس مقصد کو حاصل کرکے رہیں گے ۔ محمود خان نے موجودہ وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس امپورٹڈ حکومت سے ملک نہیں چل رہا، یہ فوراً استعفیٰ دیں اور الیکشن کرائیں۔ ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی محمو د جان نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف بھی اس موقع پر موجود تھے۔