News Details
13/05/2022
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعرات کے روز ضلع سوات کا مصروف ترین دورہ کیا جہاں انہوں نے نئے مکمل کیے گئے تین اہم ترقیاتی منصوبوں کا باضابطہ افتتا ح کیا ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعرات کے روز ضلع سوات کا مصروف ترین دورہ کیا جہاں انہوں نے نئے مکمل کیے گئے تین اہم ترقیاتی منصوبوں تحصیل کمپلیکس مٹہ کی نئی عمارت، گرلز ڈگری کالج خڑیزئی اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مٹہ میں برن اینڈ ٹراما سنٹر کا باضابطہ افتتا ح کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا جن میں زرعی یونیورسٹی سوات اور یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مٹہ کیمپس کی تعمیر ، رورل ہیلتھ سنٹر چپریال ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی اپگریڈیشن ، مٹہ پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کی تعمیر ، مٹہ گریویٹی واٹر سپلائی اسکیم، تحصیل پلے گراونڈ مٹہ، فیملی واٹر پارک مٹہ، 57 کلومیٹر طویل شموزئی چوک تا باغ ڈھیری سڑک کی بحالی، بریام چوک تا وانائی 10 کلومیٹر طویل سڑک کی توسیع و بحالی ، 23 کلومیٹر طویل مٹہ فضل بانڈہ روڈ کی بحالی ، چپریال بائی پاس روڈ کی تعمیر، فضل بانڈہ تاجارگو واٹر فال سڑک کی تعمیر، پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ ، ڈگری کالج وینئی اور 132 کے وی مٹہ گرڈ اسٹیشن کی تعمیر شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جب آزادی مارچ کی کال دیں گے تو وہ خود خیبر پختونخوا کے قافلے کی قیادت کریں گے اور خیبر پختونخوا سے لاکھوں لوگوں کا قافلہ اسلام آباد پہنچے گا۔ وزیر اعلیٰ نے عمران خان کی کال پر احتجاج کے لئے سڑکوں پر نکلنے والے خیبر پختونخوا کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ہمیشہ عمران کا ساتھ دیا ہے اور ملک کی حقیقی آزادی کی تحریک میں بھی خیبر پختونخوا کے عوام کا سب سے بڑا کردار ہوگا۔ محمود خان نے کہا کہ یہ ملک ہم نے اپنی آزادی اور خودمختاری کے لئے حاصل کیا تھا لیکن بدقسمتی سے غلامانہ ذہنیت والوں نے عوام کی منتخب حکومت پر شب خون مارا ہے۔انشاءاللہ ہم عمران خان کی قیادت میں ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد کو کامیاب کریں گے۔ محمود خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگوں نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کرکے عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سوات دورے کا مقصد سوات کے لوگوں کو آزادی مارچ میں شرکت کی دعوت دینا تھا۔ امپورٹڈ وزیر اعظم منی لانڈرنگ کے ذریعے حاصل کی ہوئی رقم خزانے میں جمع کردے تو ملک میں ہر چیز سستی ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پنجاب کے عوام کی فکر کرےں، خیبر پختونخوا کے عوام کو ہم پہلے ہی سے صحت کی مفت سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ شہباز شریف پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے شروع کردہ صحت کارڈ پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچائے۔ اگر امپورٹڈ حکمرانوں کو واقعی غریب عوام کی فکر ہے تو احساس پروگرام کو جاری رکھیں۔ محمود خان نے اس موقع پر اعلان کیا کہ سوات موٹروے فیز ٹو کا اگلے ہفتے جبکہ دیر موٹروے کا دو مہینے بعد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے وزراءہماری حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر اپنے ناموں کی تختیاں لگانا چاہتے ہیں جس کی ہم کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ امپورٹڈ حکومت نے خیبر پختونخوا کے ترقیاتی فنڈز کی آخری قسط روکی ہوئی ہے جبکہ دوسری طرف پنجاب حکومت صوبے کو گندم اور آٹے کی ترسیل پر پابندی لگا رہی ہے۔ اس کے علاوہ پی ایس ڈی پی سے خیبرپختونخوا کے ترقیاتی منصوبوں کو نکالنے کی بھی کوشش ہو رہی ہے۔ محمود خان نے واضح کیا کہ وہ صوبے کے حقوق کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔
بعد ازاں مٹہ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک میں جو بھی ہوا وہ سب کے سامنے ہے، بیرونی سازش کے تحت ایک منتخب حکومت کو ہٹایا گیا۔اب ایک طرف آزادی کی جدوجہد ہے جبکہ دوسری طرف غلامی کا راستہ ہے۔ وکلا برادری قوم کی حقیقی آزادی کی تحریک میں ہمارا بھر پور ساتھ دے۔ محمود خان نے کہا کہ عمران خان اس قوم کا واحد نڈر اور مخلص لیڈر ہے اور یہ وقت ہے کہ پوری قوم ان کا ساتھ دے۔ ہم ایک آزاد ملک ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے مستقبل کے فیصلے انگلینڈ میں ہو رہے ہیں۔ہم نے یہ ملک اس لئے نہیں حاصل کیا تھا کہ یہاں پر بیرونی اشاروں پر حکومتیں تبدیل ہوں۔ انہوں نے وکلاءبرادری پر زور دیا کہ وہ غریب اور نادار لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔صوبائی حکومت نے لوگوں کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لئے قانونی اصلاحات کی ہیں۔ محمود خان نے کہا کہ گزشتہ ادوار کے وزرائے اعلیٰ نے صرف اپنے اپنے اضلاع کی ترقی پر توجہ دی جبکہ وہ سوات کے ساتھ ساتھ پورے صوبے کی ترقی پر بھر پور توجہ دے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے صوبے کی ترقی کے لئے دن رات کام کیا ہے اور اسے پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مراد سعید،صوبائی وزیر محب اللّٰہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔