News Details

08/05/2022

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ہفتے کے روز اسلام آباد میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ہفتے کے روز اسلام آباد میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے خیبر پختونخوا میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر پیش رفت کے حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو آگاہ کیا۔ اس موقع پرصوبے کی سیاسی صورت حال، خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں اور اسلام آباد آزادی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ اپنی گفتگو میںپی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام نے ہمیشہ پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دیا ہے اور اس صوبے کے عوام نے ان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے جس پر وہ خیبر پختونخوا کے عوام کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ تحریک انصاف کی نہیں بلکہ یہ پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ ہے جس میں ہر پاکستانی کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے چیئرمین کو آگاہ کیا کہ خیبر پختونخوا تاریخ ساز ترقیاتی منصوبے پر کام جاری ہے جن میں سے بعض تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور ان تمام منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام عمران خان کی قیادت میں پاکستان کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، خیبر پختونخوا پہلے بھی تحریک انصاف کا تھا، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا اور آزادی مارچ کو ایک تاریخی مارچ بنانے میں خیبر پختونخواہ کے عوام کا سب سے اہم کردار ہوگا۔