News Details
01/05/2022
عالمی یوم مزدور کے موقع پر وزیر اعلیٰ محمود خان کا پیغام
عالمی یوم مزدور کے موقع پر وزیر اعلیٰ محمود خان کا پیغام
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں محنت کش طبقے کی عزت وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ،قومی ترقی اورخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق صوبے میں مزدور اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔یوم مئی کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ مزدوروں کا عالمی دن محنت کی عظمت اورقومی ترقی میں محنت کش طبقے کی اہمیت اور کلیدی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کا تحفظ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں ، محنت کشوں خصوصاً کانو ں میں کام کرنے والے مزدوروں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے موثر قوانین سازی کے ساتھ ساتھ میکینیکل مائننگ متعارف کروانے پر کام جاری ہے۔ صوبائی حکومت نے صنعتی تربیت کے اداروں اور صنعتوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرکے صنعتوں کے لئے درکار تربیت یافتہ افرادکی تیاری کا اہتمام کیا ہے۔ اس اقدام کامقصد محنت کش افراد کیلئے روزگار کے باعزت اور پرکشش مواقع فراہم کرنا ہے۔ اسی طرح صوبے میں صنعتوں کے فروغ کیلئے پر کشش صنعتی پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ صوبے میں زیادہ سے زیادہ کارخانے لگا کر محنت کشوں کیلئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کئے جا ئیں۔