News Details
01/05/2022
خیبر پختونخوا حکومت نے چاند رات/ عید الفطر کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے
خیبر پختونخوا حکومت نے چاند رات/ عید الفطر کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے اس سلسلے میں صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو احکامات جاری کیے ہیں۔ پابندی کا مقصد چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی وجہ سے انسانی جانوں کے ممکنہ ضیاع اور امن و امان کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنا ہے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو مراسلہ جاری کردیا ہے جس میں چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کرنے اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دریں اثناءوزیراعلیٰ محمود خان نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ چاند رات اور عید کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ اس سلسلے میں جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ کی اندھی گولی کسی کی جان لے سکتی ہے یا کسی کو عمر بھر کی معذوری سے دوچار کرسکتی ہے اور یہ ایک قانونی جرم ہے جو کسی کی عید کی خوشیوں کو زندگی بھر کے غم میں بدل سکتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ اپنی چند لمحوں کی خوشی کے لئے کسی کے گھر کو ماتم کدہ نہ بنایا جائے لہذا شہری نہ صرف خود ہوائی فائرنگ سے گریز کریں بلکہ دوسروں کو بھی اس بات کی تلقین کرکے ذمہ دار اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔