News Details
17/04/2022
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ہفتے کے روز اپنے آبائی ضلع سوات کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے علاوہ علاقہ عمائدین سے خطاب بھی کیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ہفتے کے روز اپنے آبائی ضلع سوات کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے علاوہ علاقہ عمائدین سے خطاب بھی کیا۔ وزیر اعلی نے مکمل شدہ متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا جن میں پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج کی نئی عمارت، مینگورہ کو گیس کی بلاتعطل فراہمی کے لئے نئے پائپ لائن اور مینگورہ بائی پاس فلائی آوور، ہاکی آسٹروٹرف، ویمن جمنازیم اور ڈسٹرکٹ کونسل ہال شامل ہیں۔ وزیر اعلی نے متعدد نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا جن میں سیدو ہسپتال میں کارڈیالوجی اینڈ گائنی یونٹس، مینگورہ گریوٹی واٹر سپلائی اسکیم،ڈگری کالج سیدو شریف اور دارلامان سوات، فضا گٹ تا منگلاور روڈ اور منی اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔ وزیر اعلی نے سوات پریس کلب کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے پریس کلب کے نو تعمیر شدہ بلاک کا افتتاح بھی کیا۔ وزیر اعلی نے گراسی گراونڈ میں علاقہ عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے دو تہائی اکثریت سے صوبے میں حکومت بنائی اور انشاءاللہ اگلی دفعہ وفاق میں بھی دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کال پر خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کی عوام جس بڑی تعداد میں احتجاج کر رہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی اور عوام نے واضح پیغام دیا کہ وہ امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں۔ اس سلسلے میں پشاور کے تاریخی جلسے نے ثابت کردیا کہ پختونخوا پہلے بھی کپتان کا تھا اور آئندہ بھی کپتان کا رہے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جس طرح رات کے اندھیرے میں وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت ختم کی گئی وہ سب کے سامنے ہے، بیرونی سازش کے تحت حکومت کا خاتمہ ملک کی خودمختاری پر حملہ ہے،عمران خان نے اپنے اقتدار کی قربانی دی لیکن ملک کی خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کیا، عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جو ملکی خودداری اور خود مختاری کی جنگ اکیلے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے اقتدار کی قربانی تو دی لیکن بیرونی مداخلت کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا۔ محمود خان نے کہا کہ جب تک عام انتخابات نہیں ہوتے عمران خان ہی ہمارے منتخب وزیر اعظم ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں قوم نے ایک نئی جدو جہد کا آغاز کیا ہے اور یہ ملکی خودمختاری اور قومی وقار کی جدوجہد ہے اور پاکستان اسی مقصد کے لئے بنا ہے۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ اس جدوجہد کی کامیابی تک ہم عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہیں گے،حکومت سو دفعہ چلی جائے لیکن ملکی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ عمران خان اس قوم کی آخری امید ہیں اور ہم سب کو ملکر ان کا ہاتھ مضبوط کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے آتے ہی بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔امپورٹڈ حکمران لنگر خانوں کو بند کرنے کی باتیں کر رہے ہیں لیکن خیبر پختونخوا میں اس طرح کے تمام فلاحی پروگرام جاری رکھے جائیں گے امپورٹڈ حکمرانوں کو عوامی فلاح کے ان منصوبوں پر کسی صورت حملہ نہیں کرنے دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ایک ڈرامہ تھا جو بری طرح فلاپ ہوگیااور میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ عدم اعتماد لانے والوں کو دن میں تارے دکھاوں گا جو میں نے کر دکھایا،میرے اراکین صوبائی اسمبلی کپتان کے کھلاڑی ہیں وہ بکنے والے ہیں نہ جھکنے والے'. وزیر اعلیٰ نے سوات میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کہا کہ سوات کے لئے انہوں نے ایسی منصوبہ بندی کی ہے کہ اگلے 40 سالوں تک علاقے کی عوام کو کسی چیز کی کمی نہیں ہوگی۔ محمود خان نے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو بھر پور انداز میں کامیاب کرانے پر سوات کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوات کی عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔سوات سے ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمن کے علاوہ ممبران صوبائی اسمبلی میاں شرافت علی، فضل حکیم، عزیز اللہ خان، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔