News Details
16/04/2022
سڑکوں کی تعمیر کے چھوٹے بڑے مختلف منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس جمعہ کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
سیاحتی مقامات تک رابطہ سڑکوں کی تعمیر سمیت صوبے میں سڑکوں کی تعمیر کے چھوٹے بڑے مختلف منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس جمعہ کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا پراونشل روڈز امپرومنٹ پروجیکٹ ، انٹگریٹڈ ٹووارزم ڈویلپمنٹ پروجیکٹ ، رورل روڈز ڈویلپمنٹ پروجیکٹ اور دیگر اہم منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان میں سے بعض منصوبوں پر پیشرفت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کئی ایک اہم فیصلے کئے گئے۔ سیکرٹری سیاحت عامر ترین ، سیکرٹری جنگلات محمد عابد مجید ، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات اعجازانصاری اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پروونشل روڈز امپرومنٹ پروجیکٹ کے تحت مجموعی طور پر 214 کلومیٹر طویل نو مختلف سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام تقریباً مکمل ہے جن میں شاہ عالم تا سردریاب روڈ ، عمرزئی تا ہری چند روڈ ، رسالپور تا جہانگیرہ روڈ ، خیر آباد تا نظام پور روڈ ، ادینہ تا یار حسین روڈ، سنگ مرمر ایسٹرن اینڈ ویسٹرن بائی پاس روڈز ، مقصودہ تا کوہالہ روڈ اور ہری پور حطار ٹیکسلا روڈ شامل ہیں۔ اب تک ان منصوبوں پر 14.4 ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی جاچکی ہے۔ اس کے علاوہ 34.70 کلومیٹر طویل کالام۔ مٹلتان۔مہوڈنڈ روڈ کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا گیا ہے جس پر پیشرفت جاری ہے۔ 42.5 کلومیٹر طویل مردان صوابی روڈ کی ڈوئیلائیزیشن کے منصوبے پر عملی پیشرفت 65 فیصد ہے۔ یہ منصوبہ رواں سال دسمبر تک مکمل کر لیا جائیگا، اب تک اس منصوبے پر 4.4 ار ب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ خیبرپختونخوا رورل روڈز ڈویلپمنٹ پروجیکٹس کے تحت 1337 کلومیٹر طویل ڈسٹرکٹ روڈز کی بحالی عمل میں لائی جائے گی جبکہ مختلف اضلاع میں 62 پلوں کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ منصوبے کی پری فیزیبلیٹی پر کام شروع ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا اینٹگریٹڈ ٹووارزم ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے تحت ہزارہ ڈویڑن میں سیاحتی مقامات تک چھ رسائی روڈز جبکہ ملاکنڈ ڈویڑن میں سیاحتی مقامات تک رسائی کے لئے 11 مختلف سڑکوں کی تعمیر و بحالی پر پیشرفت جاری ہے۔ اسی طرح شیخ بدین سیاحتی مقام تک رسائی کے لئے سڑک کی تعمیر پر کام جاری ہے۔ علاوہ ازیں 24 کلومیٹر طویل ٹھنڈیانی روڈ اور 22 کلومیٹر منکیال روڈ کی فنانشل اوپننگ بھی رواں ماہ کے آخر تک ہو جائے گی۔ اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ کمراٹ کیبل کار منصوبے کی پر ی فزیبلیٹی بھی شروع ہے جو رواں سال ستمبر تک مکمل کر لی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے صوبے میں سڑکوں کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اپنی حکومت کی اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت یقینی بنانے اور کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر مقررہ مدت کے اندر کی تکمیل کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔