News Details

15/04/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کاگزشتہ روز پشاور میں پی ٹی آئی جلسے میں بھر پور شرکت کرکے اس جلسے کو ایک تاریخی جلسہ بنانے پر پشاور اور ملحقہ اضلاع کے عوام، پارٹی کارکنان، پارٹی کے تنظیمی عہدیداروں اورمنتخب عوامی نمائندوں کا شکریہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز پشاور میں پی ٹی آئی جلسے میں بھر پور شرکت کرکے اس جلسے کو ایک تاریخی جلسہ بنانے پر پشاور اور ملحقہ اضلاع کے عوام، پارٹی کارکنان، پارٹی کے تنظیمی عہدیداروں اورمنتخب عوامی نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور کے عوام خصوصاً نوجوانوں نے اس جلسے میں بھر پور شرکت کرکے ثابت کر دیا کہ وہ پہلے کی طرح پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ پشاور کے جلسے میں عوام کے جم غفیر نے یہ واضح پیغام دیا کہ وہ بیرونی سازش کے تحت ایک امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے جمعرات کے روز شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے نو منتخب تحصیل چیئرمین میرانشاہ بلال خان کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی اور علاقے کی تعمیر و ترقی ، وہاں کے لوگوں کو درپیش مسائل کے حل اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہناتھا کہ ضم شدہ اضلاع سمیت پورا خیبرپختونخوا تحریک انصاف کا گڑھ ہے اور آئندہ بھی رہے گا اور آنے والے انتخابات میں صوبے کے عوام پاکستان تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ کے ساتھ اقتدار میںلائیں گے ۔اُنہوںنے کہاکہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں پارٹی چیئرمین عمران خان کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس کا واضح ثبوت پشاور کا کامیاب جلسہ تھاجو عمران خان کی قیادت میں ملکی خود مختاری کیلئے ایک نئی جہدوجہد کا آغاز ہے، اس جدوجہد میں صوبے کے عوام اور تمام پارٹی کارکنان عمران خان کے ساتھ ہیں اور اس جدوجہد کو کامیاب بنانے تک اُن کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہیں گے ۔ اس موقع پر نومنتخب تحصیل چیئرمین میرانشاہ بلال خان نے اپنے ساتھیوں سمیت باضابطہ طور پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ یاد رہے کہ بلال خان آزاد حیثیت میں تحصیل چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔ بلال خان او اُن کے ساتھیوں کو پاکستان تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان تحریک انصاف نے جس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ مخالفین کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے اور آنے والے دنوں میں پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخواسمیت پورے ملک میں مزید مضبوط سیاسی طاقت بن کر اُبھرے گی۔ وفد کی طرف سے علاقے میں عوامی مسائل کی نشاہدہی پر وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ علاقے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں گے ۔ صوبائی وزیر شاہ محمد وزیر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے پارٹی میں شامل ہونے والے نومنتخب تحصیل چیئرمین بلال خان اور اُن کے ساتھیوں کو پارٹی ٹوپیاں اور مفلر پہنائے ۔