News Details

05/04/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاکنڈڈویژن کے ایک اور اہم منصوبے سوات موٹروے فیزٹو کا اگلے ہفتے باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو منصوبے پر عملی کا م کا آغاز کرنے کیلئے تمام تر لوازمات اور انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاکنڈڈویژن کے ایک اور اہم منصوبے سوات موٹروے فیزٹو کا اگلے ہفتے باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو منصوبے پر عملی کا م کا آغاز کرنے کیلئے تمام تر لوازمات اور انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے دیر موٹروے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھنے کیلئے پیشرفت تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اس منصوبے کیلئے زمین کی خریداری کا پی سی ون جلد ازجلد پراسس کیا جائے تاکہ بلا تاخیر منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جا سکے۔یہ ہدایات اُنہوںنے پیر کے روز پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ رکن صوبائی اسمبلی اکبر ایوب خان،ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری خزانہ اکرام اﷲ خان، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات اعجاز انصاری، وزیراعلیٰ کے سپیشل سیکرٹریز مسعود یونس اور محمد خالق کے علاوہ منیجنگ ڈائریکٹر پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی و دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں سوات موٹروے فیزٹو اور دیر موٹروے سمیت شاہراہوں کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کو سوات موٹروے فیزٹو پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 88 کلومیٹر طویل موٹروے چکدرہ تا فتح پور تعمیر کی جائے گی جس پر مجموعی طور پر 58 ارب روپے تخمینہ لاگت آئے گی ۔ مزید بتایا گیا کہ منصوبے پر عمل درآمد کیلئے تعمیراتی کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں جبکہ منصوبے کیلئے زمین کی خریداری کے سلسلے میں6.7 ارب روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ منصوبے کیلئے 70 کلومیٹر زمین کی خریداری کیلئے سیکشن فور نافذ کردیا گیا ہے اور بہت جلد زمین کی خریداری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ سوات موٹروے فیز ٹو منصوبے کی خصوصیات کے بارے میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر یہ موٹروے چار لینز پر مشتمل ہو گا تاہم مستقبل میں اس کو چھ لینز تک توسیع دینے کی گنجائش موجود ہو گی ۔ اس موٹروے پر 9 انٹر چینجز تعمیر کئے جائیں گے جن میں چکدرہ انٹر چینج، شموزئی انٹر چینج، بریکوٹ انٹر چینج، مینگورہ انٹر چینج، کانجو انٹر چینج، مالم جبہ۔یونیورسٹی آف سوات انٹر چینج، شیر پالم انٹر چینج ، مٹہ خوازہ خیلہ انٹر چینج اور مدین فتح پور انٹر چینج شامل ہیں۔ اس کے علاوہ منصوبے کے تحت دریائے سوات اور مختلف مقامات پر 8 پل تعمیر کئے جائیں گے ۔ مختلف مقامات پر چار ریسٹ ایریاز کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے جبکہ ضرورت کی بنیاد پر لنک ہائی ویز بھی تعمیر کی جائیں گی ۔ دیر موٹروے کے حوالے سے بتایا گیا کہ 30 کلومیٹر طویل دیر موٹروے چکدرہ تا رباط تعمیر کی جائے گی جس پر تین انٹر چینجز ، چار فلائی اوورز ،24 پل، دو انڈر پاسسز بھی تعمیر کئے جائیں گے ۔چار لینز پر مشتمل اس مووٹروے پر دو ٹنلز بھی تعمیر کی جائیں گی ۔ دیر موٹروے کی تعمیر سے 27 کلومیٹر کی مسافت کم ہو گی اور وقت کی بھی بچت ہو گی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں کو علاقے کی پائیدا ر بنیادوں پر ترقی کیلئے ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان منصوبوں کی تعمیر سے علاقے میں سیاحتی، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے علاوہ آمدورفت کی معیاری سہولیات میسر ہو ں گی اور مقامی لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے ۔