News Details
02/04/2022
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پر پارٹی کارکنان اور کامیاب ہونے والے اُمیدواروں کو مبارکباد
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پر پارٹی کارکنان اور کامیاب ہونے والے اُمیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی باشعور عوام نے ایک بارپھر لیٹروں اور چوروں کو مسترد کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ پہلے کی طرح آج بھی عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرنے پر صوبے کی عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔
صوبے کے 18 اضلاع میں منعقدہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے متعلق یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے ان انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی بھر پور کامیابی کو حق و سچ کی جیت قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان انتخابات میں چترال سے لیکر جنوبی وزیرستان تک اپوزیشن جماعتوں کا دور دور تک کوئی نام و نشان نہیں رہا، جو اُن کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے اور اب اُنہیں کھلے دل سے تسلیم کرلینا چاہیئے کہ صوبے کی باشعور عوام نے اُنہیں ہمیشہ کیلئے مسترد کر دیا ہے اور اُن کے سیاسی تابوت پر آخری کیل ٹھونک دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات 2023 کے عام انتخابات کا ٹریلر ہیں اور ان بلدیاتی انتخابات کی طرح آئندہ عام انتخابات میں بھی صوبے کی عوام اُنہیں یکسر مسترد کرے گی ۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے نتائج نے ثابت کر دیا کہ خیبرپختونخوا کی عوام کا وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد ہے، عوام گزشتہ 70 سالوں سے باری باری ملک کو لوٹنے والے چوروں، لیٹروں اور غداروں کو کسی صورت قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ،عوام کی اُمیدوں کا واحد مرکز عمران خان ہیں اور عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو اس قوم کو عالمی برادری میں ایک باوقار مقام دلا سکتے ہیںاور کبھی بھی ملکی وقار اور خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدارکو نچلی سطح تک منتقل کرنے کا وعدہ بطریق احسن پورا کردیا اور اب ایک مضبوط بلدیاتی نظام سے لوگوں کے مسئلے مسائل مقامی سطح پر حل ہو سکیں گے ۔ محمود خان نے کہا کہ 2023 کے عام انتخابات میں بھی صوبے کی عوام کپتان کے کھلاڑیوں پر اسی طرح کے اعتماد کا اظہار کرے گی اور عوام کے تعاون سے تبدیلی کا قافلہ بڑھتا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے پرامن انعقاد کے سلسلے میں پولیس، انتظامیہ اور دیگر شراکت داروں کے کردار کو سراہا ہے۔دریں اثناءوزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ محمود خان کو ٹیلی فون کرکے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی پر بھی وزیراعلیٰ اور اُن کی ٹیم کو مبارکباد دی۔