News Details
26/03/2022
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اپوزیشن کی طرف سے صوبائی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی باتوں کو لطیفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسترد شدہ لوگوں اور سیاسی بے روزگاروں کا ٹولہ دو تہائی اکثریت والی حکومت کو گرانے کی بے تکی باتیں کرکے خود کو خوش کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اپوزیشن کی طرف سے صوبائی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی باتوں کو لطیفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسترد شدہ لوگوں اور سیاسی بے روزگاروں کا ٹولہ دو تہائی اکثریت والی حکومت کو گرانے کی بے تکی باتیں کرکے خود کو خوش کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ خیبر پختونخوا کے ممبران اسمبلی عمران خان کے کھلاڑی اور سپاہی ہیں، وہ پہلے بھی کپتان کے ساتھ تھے، اب بھی ہیں اور آئندہ بھی کپتان کے ساتھ ہونگے۔ جمعہ کے روز مانسہرہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے ممبران اسمبلی نہ جھکنے والے ہیں اور نہ بکنے والے، خیبر پختونخوا پاکستان تحریک انصاف کا گڑھ ہے اور یہاں کی عوام کا عمران خان پر بھر پور اعتماد ہے اور اس اعتماد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی عوامی مقبولیت میں پہلے سے کہیں زیادہ اضافہ ہوا ہے اور جس لیڈر پر عوام کا غیر متزلزل اعتماد ہو اس کا چند لٹیرے مل کر کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ آنے والے چند دنوں میں عدم اعتماد کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی اور عمران خان ایک بار پھر سرخرو ہوں گے۔ محمود خان نے کہاکہ 27 تاریخ کو عوام کا جم غفیر اسلام آباد پہنچ کر لٹیروں کو بتائے گا کہ عوام کا اعتماد صرف عمران خان پر ہے۔