News Details
25/03/2022
صوبائی حکومت کی ٹیکس اصلاحات کی بدولت خیبرپختونخوا ریونیواتھارٹی (کیپرا) نے مالی سال 2018-19 اور 2019-20 کی نسبت گزشتہ مالی سال کے دوران اپنی سالانہ آمدن میں دو گنا اضافہ کیا ہے
صوبائی حکومت کی ٹیکس اصلاحات کی بدولت خیبرپختونخوا ریونیواتھارٹی (کیپرا) نے مالی سال 2018-19 اور 2019-20 کی نسبت گزشتہ مالی سال کے دوران اپنی سالانہ آمدن میں دو گنا اضافہ کیا ہے اور توقع ہے کہ رواں مالی سال کے آخر تک کیپرا کی سالانہ آمدن میں تین گنا اضافہ ہوگا۔ مالی سال 2018-19 میں کیپرا کی کل آمدن 10.4 ارب روپے، 2019-20 میں 17.1 ارب اور 2020-21 میں 21.0 ارب روپے تھی جبکہ رواں مالی سا ل کے دوران اب تک کیپرا نے 21.1 ارب روپے ٹیکسز اکھٹے کئے ہیں اور توقع ہے کہ رواں مالی سال کے آخر تک کیپرا کی سالانہ آمدن 30 ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔
یہ بات جمعرات کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی کی پالیسی ساز کونسل کے دسویں اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محاصل اکھٹے کرنے میںنمایاں بہتری کے ساتھ ساتھ کیپرا نے ٹیکس رجسٹریشن اور فائلنگ کی شرح میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے مالی سال 2018-19 کی نسبت 2019-20 کے دوران فائلنگ کی شرح میں 78 فیصد جبکہ مالی سال 2020-21 کے دوران فائلنگ کی شرح میں 90 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اسی طرح گزشتہ مالی سال کے دوران کیپرا رجسٹریشن کی کل تعداد 15,111 تک پہنچ گئی ہے جو مالی سال 2019-20 میں 11,630 جبکہ مالی سال 2018-19 میں 7,808 تھی۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیر قانون فضل شکور خان اور وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خلیق الرحمن کے علاوہ سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری ایکسائز ، سیکرٹری قانون، منیجنگ ڈائریکٹر کیپرا، کونسل کے نجی ممبران اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں کیپرا میں متعارف کرائے گئے مختلف اصلاحاتی اقدامات پر پیشرفت اور ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید شفاف بنانے ، ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی اور لوگوں کو ٹیکس دینے کی طرف راغب کرنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کیپرا نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لئے متعددڈیجیٹل اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے جن میں ریسٹورنٹ انفارمیشن منیجمنٹ سسٹم ، پوائنٹ آف سیل سسٹم وغیرہ شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ کیپراکو ایک مستحکم اور موثر ادارہ بنانے کے لئے قانونی اصلاحات اور نئی قانون سازی پر بھی کام جاری ہے اور جلد کیپرا ایکٹ کے علاوہ سیل ٹیکس آن سروسز ایکٹ، انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس ایکٹ کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کیپرا کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کوبعض شعبوں میں کارکردگی مزید بہتر بنانے خصوصاً ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی، ٹیکسوں کی وصولی کے نظام کو مزید شفاف بنانے اور ٹیکس وصولی کے نظام پر عوام کا اعتماد بڑھانے پر خاص توجہ دینے کی ہدایت کی۔ ٹیکسوں کے نظام میں اصلاحات اور ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو اپنی حکومت کی گڈ گورننس اسٹریٹیجی کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں ایک بہتر منصوبہ بندی کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے اور حکومت کے ان اقدامات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں جن کی بدولت کو رونا وبا کے باوجود ٹیکس وصولی کی شرح میں نمایاں بہتری آئی ہے اور کورونا وبا کی وجہ سے متعدد ٹیکسوں میں عوام کو چھوٹ دینے کے باوجود صوبائی حکومت کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہواہے۔