News Details
23/03/2022
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پوری قوم باالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ ہمیں اس تاریخ ساز دن کی یاد دلاتا ہے جب آج سے 82 سال قبل جنوبی ایشیاءکے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کا فیصلہ کیاتھا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پوری قوم باالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ ہمیں اس تاریخ ساز دن کی یاد دلاتا ہے جب آج سے 82 سال قبل جنوبی ایشیاءکے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کا فیصلہ کیاتھا جس کے سات سال بعد مملکت خداداد کا قیام عمل میں آیا۔ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی ایک طویل جدوجہد اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے جہاں آج ہم اپنے مذہبی اور ثقافتی اقدار کے مطابق آزاد زندگی بسر کررہے ہیں۔ یہ دن ہمیں بانیان پاکستان کی ان عظیم قربانیوں کی یاد دلا تا ہے جو انہوں نے اس ملک کے حصول کے لئے پیش کیں۔ اس لئے آج ہم اپنے اسلاف کی ان قربانیوں اور جدو جہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ہم اس ملک کو ایک عظیم ملک بنانے کے لئے اُن نظریات پر کار بند رہیں گے جو اس مملکت خداداد کے حصول کی بنیاد ہیں۔
یوم پاکستان کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج پوری قوم 23 مارچ یوم پاکستان کا دن قومی جوش و جذبے کے ساتھ منارہی ہے آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کو ایک عظیم فلاحی اسلامی ریاست بنانے کے لئے اپنی انفرادی اور اجتماعی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میںپاکستان کوصحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوشاں ہے، ایک ایسی ریاست جس میں انصاف کا بول بالا ہو، قانون کی حکمرانی ہو، میرٹ کی بالادستی ہو اور جہاں قانون سب کے لئے برابر ہو۔
آئیں آج کے دن ہم سب اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم بانیان پاکستان کے وژن کے مطابق پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کے لئے اپنا کردار بطریق احسن ادا کریں اور ہم قومی مفادات کو سیاسی اور ذاتی مفادات پر ترجیح دیں گے۔