News Details

23/03/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے منگل کے روز ضلع کرک سے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کے کثیر رکنی وفد نے ملاقات کی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے منگل کے روز ضلع کرک سے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کے کثیر رکنی وفد نے ملاقات کی اور چالیس سے زائد ویلج کونسل چیئرمینز نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی محمود خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ کرک سے منتخب ممبر قومی اسمبلی شاہد خٹک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلی نے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بڑی تعداد میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت موجودہ حکومت اور وزیر اعظم عمران خان پر بھر پور عوامی اعتماد کا مظہر ہے، محمود خان نے کہا کہ عدم اعتماد کے معاملے میں وزیراعظم عمران خان انشاءاللہ سرخرو ہونگے اوراپوزیشن کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، انہوں نے کہا کہ عمران خان اس ملک کے 22 کروڑ عوام کی امیدوں کا واحد مرکز ہیں، عمران خان اقتدار کا نہیں ملک کے مستقبل کا سوچ رہے ہیں، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے ملک کی معیشت کے ساتھ ساتھ اداروں کو بھی تباہ کیا جبکہ اس کے برعکس عمران خان ملکی معیشت کے ساتھ ساتھ اداروں کو بھی ٹھیک کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ نے اس موقع پرپارٹی کارکنان سے کہا کہ وہ 27 تاریخ کے جلسے کی بھر پور تیاریاں کریں۔خیبر پختونخوا میں کارکنان کا سب سے بڑا قافلہ کرک سے نکلے گا، کرک کے لوگوں نے ہمیشہ عمران خان کا ساتھ دیا ہے، محمود خان نے کرک کے حوالے ترقیاتی منصوبہ بندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کرک کی ترقی پر بھر پور توجہ دے رہی، گیس رائلٹی کے فنڈز سے کرک میں اربوں روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، یہ ترقیاتی منصوبے اسی دور حکومت میں مکمل کئے جائیں گے، محمود خان نے یقین دلایا کہ کرک کی ترقی میں وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا، منتخب بلدیاتی نمائندے علاقے کی ترقی اور اور عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔