News Details
23/03/2022
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے منگل کے روز پشاور شہر کا مختصر دورہ کیااورسردار گڑھی میںنئے جنرل بس سٹینڈ کا سنگ بنیاد رکھا جبکہ بشیر آباد میں نو قائم شدہ فیملی پارک کا افتتاح کیا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے منگل کے روز پشاور شہر کا مختصر دورہ کیااورسردار گڑھی میںنئے جنرل بس سٹینڈ کا سنگ بنیاد رکھا جبکہ بشیر آباد میں نو قائم شدہ فیملی پارک کا افتتاح کیا۔جنرل بس اسٹینڈ کا منصوبہ پانچ ارب روپے کی مجموعی لاگت سے جون2023 تک مکمل کیا جائے گا۔303 کنال رقبے پر مشتمل بین الاقوامی معیار کے اس بس سٹینڈ میں مسافروں کیلئے تمام تر سہولیات دستیاب ہوں گی جن میں کمرشل شاپس، کیفے ٹیریا، مسجد، ٹائلٹس، ورکشاپس، ریسٹ ایریاز، ویٹنگ ایریاز، سروس اسٹیشن، پٹرول پمپ، واٹرری سائیکلنگ پلانٹ ، سولرسسٹم وغیرہ شامل ہیں۔ اس بس سٹینڈ کی تعمیر سے پشاور شہر میں ٹریفک سے جڑے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔ اس جنرل بس اسٹینڈ کی تعمیر مکمل ہونے پر شہر کے اندر قائم چھوٹے بڑے 16 بس اسٹینڈز کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے گا جس سے شہر میں ماحولیاتی آلودگی کو بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ بشیر آباد فیملی پارک 30 کنال رقبے پر مشتمل ہے جسے ساڑھے سات کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جس میں سیر و تفریح کی تمام بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔ صوبائی کابینہ اراکین تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش، فیصل امین گنڈا پور، اراکین صوبائی اسمبلی آصف خان، فضل الٰہی ، ملک واجداور ارباب جہانداد بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعلیٰ نے بشیر آباد پارک کے افتتاح کے موقع پر نو منتخب بلدیاتی نمائندوں اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی نمائندے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیںاور اپنے اپنے علاقوں میں عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ اُنہوںنے کہاکہ موثر بلدیاتی نظام پی ٹی آئی اور وزیراعظم عمران خان کے وژن کا ایک اہم حصہ ہے اور صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی نمائندوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اس ملک کے غریب عوام کا درد رکھتے ہیںاور وہ ہر آزمائش میں سرخرو ہوں گے ۔ ایک طرف اُن لوگوں کا ٹولہ ہے جنہوںنے اس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹاہے ، دوسری طرف عمران خان ہیں جو اکیلے ملکی خودمختاری ، کشمیر کی آزادی اور اسلام کی سربلندی کی جنگ لڑرہے ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ عمران خان نے عالمی برادری پر واضح کر دیا ہے کہ دوستی برابری کی بنیادوں پر ہو گی ۔اُنہوںنے کہاکہ سیاسی بیروزگار وں کا ٹولہ چاہے جو کچھ بھی کرلے عدم اعتماد ناکام ہو گی اور وزیراعظم ایک بار پھر سرخرو ہوں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ اپوزیشن والے بیرونی قوتوں کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں نہ تو ان کے پاس کو ئی ایجنڈا ہے اور نہ پلان ۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں کچھ بھی کرلیں وہ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیںاور خیبرپختونخوا کے عوام عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیںاور 27 تاریخ کو صوبے سے کارکنان کا ایک جم غفیر اسلام آباد پہنچے گااور اسلام آباد کا جلسہ ایک تاریخی جلسہ ہو گا۔