News Details

22/03/2022

خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کے روز وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا

خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کے روز وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی محمود جان سمیت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے تمام ممبران صوبائی اسمبلی اور صوبائی وزراءنے شرکت کی۔ اجلاس میں اسمبلی اجلاسوں سے متعلق معاملات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اجلاس کے شرکاءنے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی محمود خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی مکمل طور پر متحد ہے اور کوئی مائی کا لال صوبے میں پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی میں رخنہ نہیں ڈال سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ممبران صوبائی اسمبلی عمران خان کے سپاہی ہیں اور وہ صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر اعلی نے اراکین اسمبلی اور وزراءپر زور دیا کہ وہ اسمبلی کے اجلاسوں میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور اسمبلی کی کاروائیوں میں بھر پور حصہ لیں۔ دریں اثناءوزیر اعلی نے اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے دوران سابقہ قبائلی اضلاع کے پراجیکٹ ملازمین کی مستقلی سے متعلق بل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے سابقہ قبائلی اضلاع کے تمام پراجیکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دیا گیا ہے اور اب تک کم و بیش چار ہزار ملازمین کو مستقل کردیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ ملازمین کو بھی مستقل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔