News Details

15/03/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سوات موٹر وے فیزٹو منصوبے کے حوالے سے مقامی لوگوں کے تمام جائز تحفظات کو دور کیا جائیگا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سوات موٹر وے فیزٹو منصوبے کے حوالے سے مقامی لوگوں کے تمام جائز تحفظات کو دور کیا جائیگا اور آبادی، زرعی زمینوں اور باغات کوپہنچنے والے ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے جبکہ منصوبے پر عملدرآمد کے نتیجے میں کٹنے والے ایک درخت کی بجائے پانچ درخت لگائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سوات قومی جرگہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جس نے کمشنر ہزارہ ڈویژن ظہیر الاسلام کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی اور انہیں سوات موٹر وے فیز ٹو کے نقشے سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوات موٹر وے فیز ٹو علاقے کے اجتماعی مفاد کا منصوبہ ہے اور سوات و ملحقہ علاقوں کی ترقی کا دارومدار اس منصوبے پر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ علاقے میں سیاحت کے فروغ اور ٹریفک کے مسائل کو مستقل بنیادوںپر حل کرنے کےلئے یہ ایک ناگزیر منصوبہ ہے اور ہم سب نے مل کر اس منصوبے کو کامیاب بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومت کی ٹیکنیکل ٹیم جرگے کے ساتھ مل بیٹھ کر مروجہ قواعد و ضوابط کے دائرے میں قابل عمل تجاویز پیش کرے تاکہ اس منصوبے پر عملدرآمد سے مقامی آبادی کو پہنچنے والے ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوات موٹر وے فیز ٹو منصوبے پر عملدرآمد کے لئے انوائرمینٹل ایمپکٹ اسسمنٹ پر کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کا تعلق اسی مٹی سے ہے اور وہ کسی بھی صورت کسی کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ اس موقع پر جرگے کے شرکاءنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوات موٹر وے علاقے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کا اہم منصوبہ ہے اور قومی جرگہ اس منصوبے کا خیر مقدم کرتا ہے۔جرگے نے سوات کے لئے اس اہم منصوبے کی منظوری پر وزیراعلیٰ محمود خان کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ہر حال میں مکمل ہونا چاہئیے تا ہم مقامی آباد کے منصوبے کے نقشے سے متعلق کچھ تحفظات ہےں جنہیں دور کیا جائے۔ قومی جرگے نے ملاقات کے لئے وقت دینے اور تحفظات کو دور کرنے کے لئے احکامات جاری کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور علاقے کے وسیع تر مفاد میں منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اعجاز انصاری، ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان، ایم ڈی پی کے ایچ اے اور محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔